نواز رونیال
رام بن //قومی شاہراہ پر واقع ملک کے اہم ترین بنیادی ڈھانچہ جاتی منصوبوں میں شمار ہونے والی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی ٹنل (چنینی۔ناشری ٹنل) کے ساتھ ایک نئی دو لین متوازی ٹیوب ٹنل کی تعمیر کی منظوری دے دی گئی ہے۔ اس اہم فیصلے کو جموں و کشمیر اور ملک بھر کے مسافروں کے لیے ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شاہراہ پر ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ سفر کو مزید محفوظ، آرام دہ اور تیز رفتار بنانے میں بھی مدد ملے گی۔یہ خوشخبری وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنے پارلیمانی حلقہ ادھم پور۔کٹھوعہ کے عوام کے ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کی۔ انہوں نے اس اہم منصوبے کی منظوری پر نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا اور مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹ و شاہراہیں نتن گڈکری کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ خطے کی ترقی اور بہتر رابطہ کاری کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے مطابق نئی متوازی ٹنل کی تعمیر سے موجودہ ٹنل پر بڑھتے ہوئے ٹریفک کے بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ سرینگر۔جموں قومی شاہراہ جموں و کشمیر کی زندگی کی اہم شاہراہ تصور کی جاتی ہے، جو وادی کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑتی ہے۔ سال بھر لاکھوں مسافر، تجارتی گاڑیاں، سیاح اور یاتری اسی شاہراہ کے ذریعے سفر کرتے ہیں، جس کے باعث اکثر اوقات ٹریفک جام اور آمدورفت میں رکاوٹیں پیدا ہوتی ہیں۔شاہرہ پر سفر کرنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ نئی دو لین ٹیوب ٹنل کی تعمیر کے بعد ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی، ہنگامی حالات میں متبادل راستہ دستیاب ہوگا اور حادثات کے امکانات میں بھی کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ خراب موسمی حالات اور دیگر ہنگامی صورتحال کے دوران شاہراہ کی دستیابی کو یقینی بنانے میں بھی یہ منصوبہ اہم کردار ادا کرے گا۔سیاسی اور سماجی کارکنوں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ بٹوت کے معروف سماجی کارکن راشد ملک نے اس منصوبے کو عوامی مفاد کا ایک بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف مقامی آبادی کو فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک کے مختلف حصوں سے جموں و کشمیر آنے والے سیاحوں اور مذہبی یاتریوں کو بھی بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ ان کے مطابق بہتر سڑک رابطوں سے علاقے میں سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا جس کے مثبت اثرات مقامی معیشت پر مرتب ہوں گے۔واضح رہے کہ ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی ٹنل، جسے پہلے چنینی۔ناشری ٹنل کے نام سے جانا جاتا تھا، جموں۔سرینگر قومی شاہراہ کے اہم ترین منصوبوں میں شامل ہے۔ اس ٹنل نے سفر کا وقت کم کرنے اور دشوار گزار پہاڑی راستوں سے نجات دلانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اب اس کے ساتھ نئی متوازی ٹیوب ٹنل کی تعمیر سے شاہراہ کی استعداد میں مزید اضافہ ہوگا اور مستقبل میں بڑھتی ہوئی ٹریفک ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔عوامی اور تجارتی حلقوں کا ماننا ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد جموں و کشمیر کے زمینی رابطے مزید مضبوط ہوں گے، سفری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی اور خطے کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔