بانہال // محکمہ سماجی بہبود کے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ رام بن کی طرف سے بچہ مزدوری کے خلاف ایک کارروائی کے دوران پانچ ایسے بچہ مزدوروں کو رام بن سے بازیاب کیا ہے جو مختلف ہوٹلوں اور ٹی سٹالوں پر بچہ مزدور کے طور کام کرتے تھے۔ اس چھاپہ مار ٹیم کی قیادت افراز ایوب ڈینگ چائلڈ پورٹیکشن افسر رام بن کر ر رہے تھے۔ اس کارروائی میں اوٹ ریچ سوشل ورکرس، چیئرپرسن اور چائلڈ ویلفیئرکمیٹی اور چائلڈ پروٹیکشن دفتر کے ملازمین موجود تھے اور یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر رام بن شوکت اعجاز بٹ کی ہدایات پر عمل میں لائی گئی ۔ جانکار ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ روز چائلڈ پروٹیکشن یونٹ رام بن کی ٹیم نے رام بن بس سٹینڈ پر کئی ہوٹلوں اور دکانوں پر چھاپہ مار کارروائی کی اور اس دوران بچہ مزدوری کے طور کام کرنے والے پانچ بچہ مزدوروں کو بازیاب کرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بازیاب کرانے کے بعد ان کا محکمہ کے ڈاکٹر کے ذریعے طبی معائینہ کرایا گیا اور ضروری کونسلنگ کے بعد انہیں والدین کے سپرد کیا گیا ہے۔ عام لوگوں اور رام بن کے رضاکاروں نے چائلڈ پورٹیکشن یونٹ رام بن کی اس کارروائی کی سراہنا کرتے ہوئے ضلع رام بن میں ایسی مزید کاروائیوں کی امید ظاہر کی ہے۔