نئی دہلی/یواین آئی/ کانگریس جنرل سکریٹری نیز رکنِ پارلیمنٹ محترمہ پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیرِ اعظم نریندر مودی کونشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ 152 پیپر لیک ہونے کے باوجود کسی کو سزا نہیں ملی اور اس کی ذمہ داری مودی کو لینی چاہیے۔ محترمہ واڈرا نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی جمہوریت کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو رہا ہے کہ حکومت کے ارکانِ پارلیمنٹ ہی پارلیمنٹ کے باہر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پارلیمنٹ چلانے میں ناکام رہی ہے اور نوجوانوں کے جائز مطالبات کو دبانے کے لیے ان پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم ہر کامیابی کا سہرا اپنے سر لیتے ہیں لیکن پیپر لیک جیسے سنگین معاملات کی ذمہ داری لینے سے بچ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 152 پیپر لیک ہونے کے باوجود کسی گنہگار کو سزا نہیں ملی، اس لیے وزیرِ اعظم مودی کو اس کی جواب دہی قبول کرنی چاہیے۔