بانہال //محبوبہ مفتی کی قیادت والی پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط سرکار کو جموں و کشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دور قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ضلع رام بن کے صدرسجاد شاہین نے کہا ہے کہ پی ڈی پی ۔بی جے پی مخلوط سرکار نے ساڑھے تین سال کے دوران ریاست کو پریشانیوں کے سوا کُچھ نہیں دیا اور کہا ہے کہ ان دونوں پارٹیوں کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے کھوکھلے ثابت ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اس دور میں لوگوں نے اپنے آپ کو پریشان محسوس کیا کیونکہ یہ سرکار عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔نیشنل کانفرنس کے لیڈر اپنی ماہانہ میٹنگ میں بلاک اُکھڑال کے پوگل پرستان میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے مخلوط سرکار کے دور اقتدار کو دھوکہ، بے اطمینانی کو دور قرار دیا اور الزام لگایا کہ ان کے دور میں کہیں بھی کوئی ترقی نہیں ہوئی ہے۔اس موقعہ پر پی ڈی پی اور کانگریس کے درجنوں کارکنوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کیا اور پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔نئے کارکنوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے شاہین نے امید کا اظہار کیا کہ انکی شمولیت سے پاررٹی زمینی سطح پر مزید مستحکم ہو جائے گی۔بلاک صدر پوگل پرستان اور رامسو ریاض احمد میر اور نثار احمد سوہیل ،محمد خلیل سوہیل، بلاک نائب صدور بہار احمد نائیک اور عبدالرشید ڈینگ، بلاک سیکرٹری ثاقب ا لر رحمان رونیال، یوتھ بلاک صدور ٹھاکو ر جگجیت سنگھ، اور امتیاز ڈینگ کے علاوہ غلام قادر وانی ،وحید الرحمان لوہار، حاجی عبدالعزیز، مشتاق احمد شیخ، مجیب الرحمان و دیگران نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔