محتشم احتشام
پونچھ// محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ کی جانب سے ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘ کے تحت ضلع کے مختلف زونز سرنکوٹ، مینڈھر، پونچھ، بفلیاز اور ہرنی میں بین المدارس زونل سطحی کھیل مقابلوں کا شاندار انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ ان مقابلوں نے نہ صرف کھیلوں کے فروغ بلکہ نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنے، جسمانی صحت اور سماجی بیداری پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
زون سرنکوٹ میں انڈر 14 طالبات کے مقابلے جی ایم ایس ہرمی ڈھکی میں زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر کی نگرانی میں منعقد ہوئے جہاں کھیلوں کا نہایت پرجوش اور مسابقتی ماحول دیکھنے کو ملا۔ مقابلوں میں تقریباً 669 طالبات نے والی بال، کبڈی، کھو کھو، بیڈمنٹن، شطرنج، یوگا اور ایتھلیٹکس سمیت مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔طالبات نے بہترین نظم و ضبط، ٹیم اسپرٹ اور کھیل کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب کو کامیاب بنایا۔اسی طرح زون پونچھ میں انڈر 17 طالبات کے مقابلوں میں 164 طالبات نے شرکت کی جبکہ زون مینڈھر میں انڈر 17 طالبات کے مقابلوں میں تقریباً 191 کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ زون بفلیاز میں انڈر 17 طلبہ کے مقابلوں میں 275 کھلاڑی شریک ہوئے، جبکہ زون ہرنی میں انڈر 14 اور انڈر 17 طلبہ کے مقابلوں میں 723 کھلاڑیوں نے شرکت کرکے اپنی کھیل صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔تقریبات کی ایک اہم جھلک ‘‘نشہ مکت بھارت ابھیان’’ کے تحت منعقد کی گئی عظیم الشان بیداری ریلی رہی، جس میں تقریباً 4310 افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے دوران طلبہ، اساتذہ اور مقامی لوگوں نے منشیات کے خلاف نعرے بلند کرتے ہوئے صحت مند اور باوقار معاشرے کے قیام کا پیغام دیا۔ مقررین نے کہا کہ کھیل نوجوان نسل کو مثبت سمت فراہم کرنے کا موثر ذریعہ ہیں اور منشیات جیسی سماجی برائیوں کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔محکمہ کی جانب سے انسانی اقدار، سماجی ذمہ داری، نظم و ضبط اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق آگاہی پروگرام بھی منعقد کیے گئے۔ یہ تمام سرگرمیاں انورادھا گپتا کی رہنمائی اور میگھا بھوگیا کی نگرانی میں انجام دی جا رہی ہیں جبکہ ضلع سطح پر پروگراموں کی کامیاب تنظیم محمد فواد کی قیادت میں عمل میں لائی جا رہی ہے۔