عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
سرینگر//ڈائریکٹر جنرل آف پولیس جموں و کشمیر دلباغ سنگھ نے 19ویں جموں و کشمیر پولیس شہداء میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کا اعلان کیا جو جموں و کشمیر پولیس اپنے سوک ایکشن پروگرام کے تحت اور جے اینڈ کے فٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے مصنوعی ٹرف ٹی آر سی سری نگر میں منعقد کر رہا ہے۔ پولیس سربراہ فتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔سپیشل ڈی جی آر آر سوین، اے کے چودھری، اے ڈی جیز ایس جے ایم گیلانی،ایم کے سنہا، سنیل کمار،وجے کمار اورآلوک کمار، آئی جی پی بی ایس توتی، ڈی آئی جی وویک گپتا، امتیاز اسماعیل پرے، جاوید احمد کول، شاہد راجیو، شری شاہد مہراج، شری قیوم راجہ اور دیگر شامل ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی نے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جموں و کشمیر کے امن اور اس کے شہریوں کی سلامتی اور سب سے بڑھ کر ملک کی سالمیت اور خود مختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کو شہداء کے نام وقف کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے اس سال سری نگر میں یہ تیسرا بڑا پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ڈی جی پی نے ایونٹ میں خواتین کی چار ٹیموں کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید خواتین ٹیمیں شرکت کیلئے آگے آئیں گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ یہ ایونٹ ٹورنامنٹ کا 19واں ایڈیشن ہے اور اس کے پچھلے ایڈیشنز سے زیادہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام اضلاع سے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فخر کا لمحہ ہے کہ خواتین کی چار ٹیمیں پہلی بار اس ایڈیشن میں حصہ لے رہی ہیں اور خواتین کھلاڑیوں کو مبارکباد دی۔ٹورنامنٹ میں کل46ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔