عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے علاقہ ناگسینی کے پتھر نکی گاؤں میں جمعرات کی دوپہر پنچایت کے دوران پیش آئے ایک افسوسناک واقعہ میں تقریباً پچاس سالہ شخص کی موت واقع ہوئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب چند روز ایک خاندانی تنازعہ کو حل کرنے کے لیے مقامی سطح پر پنچایت بلائی گئی تھی جہاں دونوں فریقین کے افراد اور معززین موجود تھے۔ بات چیت کے دوران اچانک تلخ کلامی بڑھ گئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا جس کے نتیجے میں پچاس سالہ شخص کی موت واقع ہوئی جسکی شناخت پچاس سالہ محمد شفیع ولد محمد یوسف ساکن پتھرنکی کے طور ہوئی ہے ۔فوری طور وجوہات کا پتہ نہ چل سکا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ضلع ہسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے لواحقین کی شکایت پر کئی نامزد اور چند نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔