مینڈھر //مینڈھر کی سرحدی پنچایت دھراٹی کے پنجنی علا قہ میں محکمہ بجلی کی جانب سے نصب کر دہ ٹرانسفارمر عوام کیلئے پریشانی کا باعث بن چکا ہے ۔مقامی لوگوںنے محکمہ کو تنقید کا نشا نہ بناتے ہوئے کہاکہ صفرلائن کے قریب آباد دو بڑی وارڈوں کیلئے صرف 25کے وے کا ٹرانسفارمر نصب کیاگیاہے جس پر لوڈ زیادہ ہونے کی وجہ سے ہر ماہ میں دو سے تین مرتبہ خراب ہو جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ دیہات سے خراب ٹرانسفارمر کو سڑک تک پہنچانے کیلئے دو ہزار روپے کی لاگت آتی ہے تاہم اس کے باوجود متعلقہ محکمہ صرف کرایہ ہی وصول کررہا ہے جبکہ زیادہ صلاحیت والی مشینری کو نصب ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔علاقہ کے سابقہ سرپنچ شادم خان نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین صرف بجلی کے بل سنجیدگی کیساتھ ارسال کرتے ہیں جبکہ دیگر معاملا ت وعوامی مسائل کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی گائوں میں زیادہ صلا حیت کا بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ صارفین کو معیاری سہولیات میسر ہو سکیں ۔