کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے ورنو لولاب میں متعدد مقامات پر پل نہ ہونے کی وجہ سے لوگو ں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ نالہ ورنو کے مختلف مقامات پر لوگو ں کی طرف سے ازخود بنائے گئے لکڑی کے پل حادثات کا موجب بن جاتے ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ نالہ ورنو پر پل نہ ہونے کی وجہ سے آج تک کئی بار حادثات پیش آئے جن میں کئی انسانی جانیں بھی تلف ہوئیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ پلو ں کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس پہا ڑی علاقہ کے لوگو ں کو عبور و مرور میں زبر دست دقتو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ورنو کے شاہ آباد ،چک ورنو اور مشق جال علاقوں میں لوگو ں نے از خود لکڑی کے عارضی پل بنائے تاہم موسم بہار میں بارشو ں کی وجہ سے نالہ ورنو میں طغیانی آتی ہے تویہ عارضی پل ڈہ جاتے ہیں اور ان علاقوں کا رابطہ منقطع ہو کر رہ جاتا ہے جس کے بعد لوگو ں کو عبور و مرور میں دشواریو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ جب بھی ان عارضی پلو ں سے مویشیو ں کا گزر ہوتا ہے تو پل عبور کرنے کے دوران ان کی ٹانگیں لکڑی کے ان پلو ں میں پھنس جاتی ہیں اور وہ اکثر و بیشتر زخمی بھی ہوتے ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ انہو ں نے اس معاملہ کو گزشتہ ایک دہائی سے متعلقہ محکمہ کی نو ٹس میں لایا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ نالہ ورنو کے ان مقامات پر پختہ پل تعمیر کئے جائیں لیکن تا لوگو ں کے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا ۔ورنو لولاب کے لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ لوگو ں کے مشکلات کو مدنظر رکھ کر نالہ ورنو پر پل تعمیر کرنے کیلئے اقدامات کریں۔