سری نگر//پرنسپل سیکرٹری بھیڑ و پشوپالن اور ماہی پالن محکمہ نوین کمار چودھری نے یہاں نیشنل لائیو سٹاک مشن ( این ایل ایم ) کی یوٹی لیول ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ منعقد کی۔یہ میٹنگ سال 2021-22 کے لئے این ایل ایم کے ایکشن پلان کی منظوری کے لئے منعقد کی گئی تھی ۔ اس مدت کے لئے بنائے گئے ایکشن پلان نے لائیو سٹاک سیکٹر میں اَنٹرپرینیور شپ کی ترقی پر زور دیا۔میٹنگ میں دونوں صوبوں کے بھیڑ و پشو پالن محکموں کے ڈائریکٹر ان کے علاوہ فائنانس اور پلاننگ کے دیگر اَفسران نے شر کت کی ۔ جموں میں متعلقہ اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔نوین کمار چودھری نے اَفسران سے کہا کہ وہ کسان دوست مصنوعات کو ایکشن پلان میں شامل کریں۔ اُنہوں نے کسانوں کے لئے زیادہ فائدہ مند منصوبہ بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ اِفادیت کی اَپ گریڈیشن کی تلاش کریں جیسے مویشیوں کی جینیاتی بہتری ، مصنوعی تخم ریزی ( اے آئی ) وغیرہ ۔پرنسپل سیکرٹری نے اَفسران سے کہا کہ وہ پولٹری کے لئے اِنشورنس سکیم متعارف کرائیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ بکری اور بھیڑوں کی وہ اقسام درآمد کریں جو کہ اِنتہائی پیداواری ہیں اور عوام کی طرف سے ان کا مطالبہ کیا جاتاہے ۔اُنہوں نے ان سے اے آئی کے لئے موبائل وین متعارف کرنے کو بھی کہا تاکہ کسانوں تک ان کی دہلیز تک پہنچ کر اسے زیادہ قابل رسائی بنایا جاسکے۔اُنہوں نے اَفسران کو تمام سکیموں کے بارے میں مقامی زبانوں اور اخبارت میں اِشتہارات دینے کی بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے ان سے کہا کہ وہ بلا تفریق عوام کی خدمت کریں ۔