سری نگر//کانگریس کی سینئر لیڈر پرینکا گاندھی کی اترپردیش میں گرفتاری کے خلاف پردیش کانگریس نے احتجاج کرتے ہوئے اترپردیش میںیوگی آدیتہ ناتھ حکومت کو برخاست کرنے کی مانگ کی ہے۔ کے این ایس کے مطابق سرینگر میں پردیش کانگریس صدر دفتر پر سینکڑوں کارکنوں نے احتجاج کیا اور انچارج اترپردیش جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کو غیر قانونی طور پر حراست میں رکھنے کے خلاف نعرے بازی کی اور احتجاج کیا۔ احتجاجی کارکنوںنے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر’ ’پرینکاآندھی ہے،دوسری اندرا گاندھی ہے‘‘،’’ پرینکا گاندھی آگے بڑھو، ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘ کے نعرے تحریر تھے۔ احتجاجی کانگریس کارکنوںنے پارٹی صدر دفتر سے نکل کر سڑک پر احتجاج کیا اورپریس کالونی کی طرف جانے کی کوشش کی۔ اس موقعہ پر پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا اور کئی کارکنوںکو حراست میں لے لیا۔ پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے صدر دفتر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’ملک کو جس طرح توڑ پھوڑ کی سیاست سے مودی سرکار اور آر ایس ایس چلا رہی ہے، اُس کی تازہ مثال آپ نے 2 دن قبل لکھمپور کھیری اتردیش میں دیکھی جہاں ملک کے کسان ان تین قوانین کے خلاف پرامن احتجاج کررہے تھے،جو اُن پر مودی سرکار زبردستی تھوپ رہی ہیں‘‘۔ انہوںنے کہا، ’’بھاجپا کے مرکزی وزیر مملکت امور داخلہ اجے مشرا اور ان کا بیٹاآشیش مشرا، اس کی پوری غنڈوں کی جماعت جس طرح سے پُرامن کسانوں کے دھرنے کے بیچ میں ہائی پروفائل گاڑیوں کے ایک قافلہ نے بے تحاشا طریقے سے کسانوں کے اوپر سے کچل کے پاس کیااورجس میں قریب ہمارے 8کسان مارے گئے، وہ پورے ملک نے دیکھا‘‘۔ غلام احمد میر نے کہا ، ’’طاقت کاکتنا نشہ، کتنے غنڈے پن پر مودی اور یوگی اترچکے ہیں ،چونکہ اُن کو شاید زمین سے اب محسوس ہورہاہے کہ ملک اب ہم کو ہمیں نکار نے جارہا ہے، کسان ہم کونکارنے ، نوجوان ہم کونکارنے جارہے ہیں، ایسے میں وہ غنڈہ پن پر اترآئے اور 8 کسانوں کا قتل کیا جس کو لیکر پورے ملک میں اور پوری دنیا میں اس وقت واویلا ہورہا ہے‘‘۔ انہوںنے کہاکہ ہماری قومی لیڈر پرینکا گاندھی لکھنو میں موجود تھی اور وہ مہلوک کسانوں کے کنبوں سے تعزیت پرسی کرنے جارہی تھی لیکن انہیں یوگی حکومت کی پولیس نے 5گھنٹوں تک راستے میں بند رکھا ، اغوا کرنے کی کوشش کی اور بنا کسی وارنٹ اورایف آئی آرپچھلے48گھنٹوں سے حراست میں ہیں، آج پورے ملک میں کسانوںکے حق میں اور پرینکاگاندھی کی رہائی میں آواز اٹھ رہی ہے، وہ قابل سراہنا ہے‘‘۔ انہوںنے کہاکہ ’’پرینکا گاندھی نے جس طرح یوگی کے غنڈوںکے ساتھ اکیلے مقابلہ کیا، ہم ان کی ہمت کی داد دیتے ہیں اوران سے یکجہتی کیلئے احتجاج کررہے ہیں‘‘۔ انہوںنے کہاکہ جب تک پرینکا گاندھی جیل میں رہے گی، جب تک اس کو یوگی آدیتہ ناتھ بند رکھے گا، تب تک پورے ملک میں کانگریس کارکنان سڑکوں پر رہیںگے‘‘۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے 3مدعے کسانوں کو انصاف دو، قاتلو ںکو سزا دو اور پرینکا گاندھی کو رہا کرو،اس کیلئے آواز بلند کرینگے۔