جموں//نیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلی پروفیسر بھیم سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی کے نام لکھے ایک ضروری خط میں ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بلاتاخیر جموں وکشمیر کی تمام تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں میٹنگ طلب کریں جس میں حریت کانفرنس کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے جس سے جموں وکشمیر کومزید تباہی سے بچایا جاسکے اور امن بحالی کے اقدامات کئے جاسکیں۔پنتھرس سربراہ کے وزیراعظم کو لکھے خط میں کہا کہ حریت کانفرنس کے تمام دھڑوں اور سابق اراکین اسمبلی کو (جن کا جموں وکشمیر میں حریت کانفرنس سے تعلق ہے) بھی اس میٹنگ میں مدعو کیاجائے۔ انہوں نے وزیراعظم کے نام اپنی اپیل میں کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ انصاف اور امن چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے موجودہ حالات میں انتظامیہ کو چست درست کرکے بہتری لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا میں اس طرح کی بھی خبریں ہیں کہ شدہ حکومت کی بحالی کے لئے کی جارہی جوڑ توڑ بھی موجودہ صورتحال کے لئے ذمہ دار ہے۔پورا جموں وکشمیر اس وقت ایک ہی آواز میں کہہ رہا ہے کہ موجودہ اسمبلی کو فوری طورپر تحلیل کرکے نئے سرے سے انتخابات کرائے جائیں ۔انہوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ ریاست کے نئے گورنر ستیہ پال ملک بھی اس تجویز کی حمایت کریں گے اور وزیراعظم نریندر مودی پر زور دیں گے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کی میٹنگ طلب کریں جس سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو اعتماد میں لیا جاسکے۔