نئی دہلی//یواین آئی// حکومت نے کل واضح کیا کہ اس کے پاس کورونا وبا کے بعد ‘پردھان منتری کلیان یوجنا’کو آگے بڑھانے کی کوئی تجویز نہیں ہے ۔جمعہ کے روز راجیہ سبھا میں تکمیلی سوالات کے جواب دیتے ہوئے صارفین خوراک اور فوڈ سپلائی کے وزیر مملکت دانوے راؤ نے یہ بات کہی۔انہوں نے کہا کہ ‘پردھان منتری غریب کلیان یوجنا’ کو آگے بڑھانے کی کوئی تجویز نہیں ہے ، یہ اسکیم صرف موجودہ وقت کے لئے تھی۔اس اسکیم کو گذشتہ مارچ میں کورونا وبا کے پیش نظر شروع کیا گیا تھا اور اس کے تحت حکومت نے تقریبا80 کروڑ لوگوں میں مفت اناج تقسیم کئے تھے ۔ایک اور سوال کے جواب میں راؤصاحب نے کہا کہ حکومت خریدے گئے اناج کو اچھی طرح سے رکھ رکھاؤ کرتی ہے اور 2014 کے بعد سے عوامی تقسیم کے سسٹم کو کوئی سڑا گلا اناج نہیں دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دور دراز علاقوں میں بھی لوگوں کو اناج کی سپلائی میں مصروف عمل ہے ۔