بانہال // پینے کے پانی کی کمی کو لیکر جموں سرینگر شاہراہ پر واقع درشی پورہ کے علاقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے قومی شاہراہ پر احتجاجی دھرنا دیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کچھ وقت کیلئے متاثر رہی ۔جسکی وجہ سے شاہراہ پر بعد میں ٹریفک جام ہوا۔جموں سرینگر شاہراہ پر واقع بانہال قصبہ سے ایک ڈیڑھ کلومیٹر کی دور پر واقع درشی پورہ کے کی خواتین نے پیر کی دوپہر تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق پانی کے خالی برتنوں کو لیکر شاہراہ کو بند کردیا اور محکمہ پی ایچ ای اور سرکار کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ پر واقع درشی پورہ کا سارا علاقہ پینے کے پانی کی کمی اور عدم موجودگی کی وجہ سے پریشان ہے اور لوگوں کو کئی کلومیٹر دور سے پانی لانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا محکمہ کے ملازمین اور افسران عوام کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کے بجائے چپی سادھے ہوئے ہیں اور عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ شاہراہ سے دھرنا دینے والی خواتین کا کہنا ہے کہ درشی پورہ کی بستی پینے کے پانی کی بوند بوند کی محتاج ہوکر رہ گئی ہے اور محکمہ خاموش تماشائی بن بیٹھیے ہیں۔ شاہراہ پر دیئے گئے دھرنے کی وجہ سے گاڑیوں کی دو طرفہ آمدورفت کم از کم ایک گھنٹے تک تھم گئی جو درشی پورہ کے دونوں طرف قصبہ بانہال اور چملواس کے درمیان ٹریفک جام کا سبب بن گیا جسے صاف کرنے میں ٹریفک اور پولیس اہلکاروں کو مزید دوگھنٹوں تک سخت محنت کرنا پڑی۔