نئی دہلی//چار ریاستوں اور ایک مرکزی زیرانتظام علاقہ میں اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران ایک ماہ طویل پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا دوسراسیشن آج یعنی سوموار سے شروع ہوگا۔پارلیمنٹ کے دوسرے سیشن میں حکومت کی توجہ مالی سال2021-22کے لئے متعددمالی مطالبوں کی منظوری حاصل کرنے کے علاوہ فائنانس بل جس میں متعدد ٹیکس تجاویز ہیں،کوپاس کرانے پر مرکوز ہوگی۔8اپریل کوختم ہونے والے سیشن کے دوران حکومت نے متعدد بلوں کو بھی فہرست میں رکھا ہے جن میں پنشن فنڈریگولیٹری اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) بل،نیشنل بینک فار فائنانسنگ انفراسٹرکچراینڈ ڈیولمپنٹ بل،الیکٹرسٹی (ترمیمی)بل،کرپٹوکرنسی اور ریگولیشن آف آفیشل ڈجٹل کرنسی بل شامل ہیں ۔پارلیمنٹ کے اجلاس کادوسراسیشن اس وقت ہورہا ہے جب مغربی بنگال،تمل ناڈ،آسام اور کیرالہ کے علاوہ بڈوچری میں انتخابات کیلئے سیاسی پارٹیاں سرگرم ہیں ۔یہ چنائومارچ اپریل میں ہوں گے۔متعدد سیاسی جماعتوں کے سینئر لیڈر دوسرے سیشن میں شاید شرکت نہیں کرسکیں گے کیوں کہ وہ انتخابی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔