سرینگر// انتخابات میں حصہ لیناکشمیریوں پر مظالم ڈھانے والے ہندنوازوں اور ان کے مددگاروں کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترداف ہے ۔ بھارت، اس کے خیر خواہ اور فورسز کس طرح سے جمہوریت اور اخلاقیات کی بات کرسکتے ہیں جبکہ وہ پرامن مزاحمت کوکسی بھی طرح کی جگہ یا اجازت دینے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔لبریشن فرنٹ سے وابستہ کئی رہنما ﺅں اور اراکین نے وادی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور حالیہ ہلاکتوں کے خلاف پرامن مظاہرے کرنے کے ساتھ ساتھ آنے والے چناﺅ کا بائیکاٹ کرنے کے لئے لوگوں سے اپیل کی۔ فرنٹ ذمہ داروں نے مائسمہ لالچوک، جنوبی کشمیر اور وسطی کشمیر سمیت مختلف مقامات پر احتجاج اور بائیکاٹ کے پروگراموں کا انعقاد کیا اور چاڈورہ ہلاکتوں کے خلاف پرامن احتجاج کے علاوہ آنے والے بھارتی انتخابات ڈرامہ میں ووٹ ڈالنے سے دور رہنے کےلئے لوگوں کی اپیل کی۔ نور محمدکلوال نے کورگ گاندربل میں لوگوں سے خطاب کیا جبکہ محمد یاسین بٹ، شیخ عبدالرشید، جاوید زرگر اور محمد صدیق شاہ نے مائسمہ لالچوک پر ہونے والے احتجاجی پروگرام میں حصہ لیا۔ ظہور احمد بٹ نے پلوامہ میں لوگوں سے خطاب کیا جبکہ سراج الدین میر نے سوئیہ بگ بڈگام ، پروفیسر جاوید نٹی پورہ میں عوام الناس سے مخاطب ہوئے۔ جے کے ایل ایف کے ڈپٹی ضلع صدر گاندربل غلام جیلانی ہل پتی گنڈ اورکاﺅ ہاکہ نار کنگن میں پیر رشید موہن پورہ بڈگام نیز ایک اورجے کے ایل ایف لیڈر ہردوطور شانگس اسلام آباد میں لوگوں سے مخاطب ہوئے۔ اس کے علاوہ کئی دوسرے قائدین و اراکین نے دوسرے علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں پرامن طور پر الیکشن بائی کاٹ کی مہم چلائی۔ ان علاقوں میں یسو،ہردوطور،شانگس،تیل ونی،طور، کریری بل،بجبہاڑہ،کٹو،اور کھرم سرہامہ ضلع اسلام آباد ،ضلع بڈگام میں سویہ بگ،گلوان پورہ،سبدن،چڈی پورہ،نارکرہ،بٹ ہار،موہن پورہ، ضلع سرینگر میں نٹی پورہ و مہجور نگر، ضلع گاندربل میں کھل مولہ،باکورہ،ناگہ بل،سنبل بالا،چھترگل کنگن،گن ون، اور رنگل، ضلع پلوامہ میں لتر، نیوہ، ورون،کاکہ پورہ، کوئیل،اگلر اور آری ہل قابل ذکر ہیں ۔بھارتی انتخابات میں شرکت کے برے نتائج پر روشنی ڈالتے ہوئے قائدین نے ان مقامات پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک زندہ و جاوید قوم و ملت ہونے کی بناءپر ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم اپنے نونہالوں کی بے لوث قربانیوں کی حفاظت کریں اور کسی بھی ایسے پروگرام یا سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جو ہمارے مقدس کاز کے لئے نقصان دہ ہو۔