عاصف بٹ
کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے دور افتادہ علاقے ٹھاکرائی کے عوام نے ناقص موبائل نیٹ ورک اور مسلسل مواصلاتی مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں موبائل سگنلز نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث روزمرہ زندگی، طلبہ کی تعلیم، آن لائن خدمات، بینکنگ، صحت کی سہولیات اور ہنگامی حالات میں رابطہ قائم کرنا انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد بار متعلقہ ٹیلی کام کمپنیوں اور انتظامیہ کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرائی گئی تاہم اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جدید دور میں بہتر مواصلاتی سہولیات بنیادی ضرورت بن چکی ہیں مگر ٹھاکرائی کی عوام آج بھی ناقص نیٹ ورک کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر جلد از جلد موبائل نیٹ ورک کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو وہ پرامن احتجاج شروع کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام اور ٹیلی کام کمپنیوں پر عائد ہوگی۔ عوام نے ضلع انتظامیہ حکومت جموں و کشمیر اور ٹیلی کام کمپنیوں سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں اضافی موبائل ٹاورز نصب کیے جائیں، موجودہ نیٹ ورک کو مضبوط بنایا جائے اور عوام کو معیاری مواصلاتی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں درپیش مشکلات کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔