ڈوڈہ //ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ پر ملکپورہ کے نزدیک زیر تعمیر پل کی مرمت کا کام آج بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں پچھلے 4دنوں سے ٹریفک متواتر معطل رہا تاہم ایمرجنسی سروسز کے لئے عارضی پگڈنڈی بنائی گئی ہے جہاں سے مریضوں کو منتقل کیا جاتا ہے۔پل کی تعمیر سے مسافروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس دوران کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات عامہ کے ایک انجینئر نے کہا کہ موسم کی خرابی کے باعث پل کا کام متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دو دنوں کے اندر اندر پل کو آمدورفت کے لئے بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے لوگوں سے تعاون دینے کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ ڈیڑھ لاکھ آبادی کو بیرونی دنیا سے جوڑنے کا واحد پل ستر کی دہائی میں تعمیر ہوا تھا لیکن کچھ عرصہ سے یہ خستہ حال ہو چکا تھا جس کے باعث گذشتہ ماہ کی 30 تاریخ کو پل پر کام شروع کیا گیا تھا۔