ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثہ میں 3خواتین سمیت12 مسافرلقمہ اجل جبکہ 14 دیگرزخمی ہوئے ، جن میں سے 7 کو شدید زخمی حالت میں بذریعہ ہیلی کاپٹر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔یہ واقعہ جمعرات کی صبح ساڑھے نو بجے کے قریب ٹھاٹھری اور ڈوڈہ کے درمیان سڑک پر پیش آیا۔مسافروں سے کھچا کھچ بھری ایک میٹا ڈور زیر نمبر JK17-4021 سوئی گواڑی کے نزدیک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر پانچ سو فٹ نیچے دریائے چناب میں جا گری جس کے نتیجے میں موقع پر ہی 9 افراد لقمہ اجل جبکہ 17مسافر زخمی ہوئے جن میں 5 خواتین بھی شامل ہیں۔ حادثہ کے فورا ًبعد مقامی لوگ،پولیس ،سیول انتظامیہ ،سیکورٹی فورسز ورضا کار تنظیموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کی۔اس دوران حادثے کی شکار ہوئے ابھی مسافروں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جس دوران ہسپتال میں مزید 2 افراد نے دم توڑ دیا اور دیر شام گئے ایک اور خاتون زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھی ،
اس طرح حادثہ میں 3 خواتین سمیت 12 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے۔جاں بحق ہوئے افراد کی شناخت ،غلام حسین (60)ولد مقبول شاہ ساکن بہروت محالہ، شبیر احمد (30)ولد غلام حسین ساکن بہروت محالہ، ریتیک شرما(19)ولد لیکھ راج ساکن جٹھیلی، جمال دین (23)ولد لال دین ساکن محالہ، محمد لطیف (65)ولد محمد رمضان سیری، اناری دیوی(55) زوجہ سوامی راج ساکن برشالہ ٹھاٹھری ،بہادر سنگھ(55)ولد ہری سنگھ ساکن بھیلا،سنتوش کمار (22)ولد سومناتھ ساکن محالہ،کمل سنگھ (40)ولد دھرم سنگھ ساکن پریوت و گوری دیوی (65)زوجہ بد لال ساکن ٹانٹنہ.راجیش کمار (23)ولد بدھی سنگھ ساکن پرنوت اورمونیکا دیوی دختر بنسی لعل ساکن پریم نگر کے بطور ہوئی ہے۔ 6 شدید زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہیلی کاپٹر میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا،جن میںبابر حسین (22)ولد اللہ دتا ساکن تھلیلہ،روہت (21)ولد سگریو شرما ساکن ملوانہ ،پرویز احمد (38)ولد خورشید احمد، ڈرائیور ساکن ٹھاٹھری، سنتوشہ دیوی (45)زوجہ گردیو سنگھ ساکن پریم نگر، پونم دیوی(22) دختر بلونت سنگھ ساکن پریم نگر، رمیش کمار (27)ولد ہیم راج ساکن ٹھاٹھری اور مونیکا دیوی شامل ہیں، جو بعد میں دم توڑ بیٹھی۔سڑک حادثہ میں زخمی ہوئے 8 افراد گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ میں زیر علاج ہیں جن کی شناخت سنجے کمار (18) ولد سنتوش کمار ساکن پونیجہ، نوید اختر (45)ولد غلام مصطفی ساکن تھلیلہ،مکیش کمار (21)ولد سگریو شرما ساکن ملوانہ،نیتو دیوی(17)دختر لکشمن سنگھ ساکن کاہرہ، وکرم سنگھ (22)ولد گلاب چند ساکن بلوانہ، اشوک شرما (22)ولد ودیا لال ساکن ملوانہ، عارف حسین (21)ولد محمد موسی ساکن کاہرہ، سویتہ دیوی (45)زوجہ رامیش کمار ساکن محالہ کے بطور ہوئی ہے۔اس دوران ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ وکاس شرما، پولیس و سیکورٹی فورسز کے آفیسرز کے ہمراہ جائے وقوعہ پر موجود رہے اور جی ایم سی میں بھرتی کئے گئے زخمی افراد کی بھی خبر گیری کرکے ہسپتال انتظامیہ کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔واضح رہے پچھلے ایک ماہ میں ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے سڑک حادثات میں 16 افراد لقمہ اجل و 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
وزیر اعظم ولیفٹیننٹ گورنر کی تعزیت
فی کس 5 لاکھ روپے ریلیف کا اعلان
فاروق، عمر ، آزاد اور جتیندر سنگھ کا اظہار رنج
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ میںپیش آئے دلدوز حادثہ پر وزیر اعظم نریندر مودی ، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، غلام نبی آزاد اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے علاوہ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔مہلوکین کے حق میں وزیر اعظم کی جانب سے 2لاکھ اور زخمیوں کو 50ہزار کی مالی معانت جبکہ لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے فی کس 3لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم
نریندر مودی نے واقعہ پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 'دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار کنبہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں، اور زخمی افراد کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں "وزیر اعظم نے پی ایم ریلیف فنڈز میں سے مہلوکین کے اہل خانہ کو 2 لاکھ و زخمیوں کو 50 ہزار روپے بطور امداد دی جائیگی۔
منوج سنہا
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے بیان میں گہرے رنج و غم کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو متاثرین کو مالی امداد و زخمیوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں گئیں ہی.۔انہوں نے ایل جی فنڈس سے فی کس دو لاکھ و روڈ ویکٹم فنڈس سے ایک لاکھ روپے ریلیف دینے کا اعلان کیا۔ ایل جی نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ'وہ امدادی کارروائیوں کا خود معائنہ کررہے ہیں اور متاثرہ کنبوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی"۔ منوج سِنہا نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کا دورہ کیا اور زخمی اَفراد کی عیادت کی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے ڈاکٹروں کو ہدایات دیں کہ وہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بہترین ممکنہ طبی دیکھ ریکھ کو یقینی بنائیں۔
ڈاکٹر فاروق
نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے دلدوز اور دلخراشحادثے میں 12افراد کے لقمہ اجل بن جانے پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں لیڈران نے حادثے میں لقمہ اجل بنے افراد کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے کے لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کیلئے اللہ سے دعا مانگی۔
غلام نبی آزاد
سابق وزیر اعلی و سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزادنے بھی ڈوڈہ ٹھاٹھری شاہراہ پر پیش آئے المناک سڑک حادثہ پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر شریک ہیں۔آزاد نے خطہ چناب میں بڑھتے ہوئے سڑک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'دوبارہ ناقص ٹریفک نظام پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں اور آج تک سینکڑوں افراد اس شاہراہ پر اپنی جانوں کو کھو چکے ہیں۔
ڈاکٹر جتندرسنگھ
وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت و ادھمپور ڈوڈہ پارلیمانی حلقہ سے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر جتندرا سنگھ نے ٹھاٹھری ڈوڈہ شاہراہ پر منی بس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے. اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیر موصوف نے کہا کہ 'ڈوڈہ ٹھاٹھری میں ہوئے سڑک حادثہ سے انہیں ذاتی طور پر صدمہ پہنچا ہے اور غم کی اس گھڑی میں وہ متاثرین کے ساتھ برابر شامل ہیں'. انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل ضلع و صوبائی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں اور متاثرہ کنبوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔