عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے جموں و کشمیر میں بلند پہاڑی راستوں پر ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ پر عائد پابندی کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ پابندی نہ صرف جموں و کشمیر میں ایڈونچر ٹورازم کے امکانات کو محدود کر رہی ہے بلکہ اْن سینکڑوں نوجوانوں کے روزگار کو بھی متاثر کر رہی ہے جو بطور گائیڈ اور معاون عملہ ان سرگرمیوں سے وابستہ ہیں۔‘‘
بخاری نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس پابندی کو واپس لینے پر غور کریں۔ انہوں نے کہا، ’’میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ سیاحت کے شعبے اور ان سیکڑوں لوگوں کے وسیع تر مفاد میں جموں و کشمیر میں ٹریکنگ اور اس سے جڑی دیگر مہم جویانہ سرگرمیوں پر عائد پابندی ختم کرنے پر غور کریں۔‘‘انہوں نے مزید کہا، ’’چونکہ ٹریکنگ بنیادی طور پر اسی موسم میں کی جاتی ہے، جو ہر سال صرف چند ماہ پر مشتمل ہوتا ہے، اس لیے پابندی ہٹانے کا یہی موزوں وقت ہے۔ پابندیوں کے خاتمے سے نہ صرف مقامی آبادی اور سیاحت سے وابستہ کاروباروں کو فائدہ پہنچے گا بلکہ مہم جوئی کے شوقین افراد بھی جموں و کشمیر کی منفرد قدرتی خوبصورتی اور ٹریکنگ کے مواقع سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔‘‘