بانہال+کپوارہ // رام بن اور بٹوت میں سڑک کے دو حادثات میں خاتون اور ٹرک کا کنڈیکٹر لقمہ اجل جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔ادھر بڈ نمبل چوکی بل کپوارہ میں اسی طرح کے حادثے میں 9مسافر زخمی ہوئے۔سیمنٹ سے بھراٹرک زیر نمبر JK14E/6413 اتوار کی صبح ساڑھے 7بجے منکی موڑ رام بن شاہراہ پر گہری کھائی میں جاگرا۔ حادثہ میں ٹرک کا کنڈیکٹر موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ ڈرائیور زخمی ہوگیا۔یس ایس پی رام بن پی ڈی نتیا کاکہنا ہے کہ انہیںساڑھے7بجے اطلاع موصول ہوئی کہ سیمنٹ سے بھرے ٹرک کو شاہراہ پر حادثہ پیش آیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حادثہ میں کنڈیکٹر رتن سنگھ ولد شیر سنگھ ساکن بھاگہ ریاسی کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ ڈرائیور شلیندر سنگھ ولد کاکا رام ساکن سیواناسٹیالٹہ ادھمپور شدید طور پر زخمی ہوا اور اسے ضلع ہسپتال رام بن پہنچایاگیا۔ ادھرسنیچر کی شام گورنمنٹ میڈیکل ڈوڈہ سے شیر کشمیر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگر کی طرف آنے کے دوران ایک ایمبولینس گاڑی بٹوٹ کے نزدیک حادثے کا شکار ہوکر 110بٹوٹ کشتواڑ ا شاہراہ سے لڑھک کر نیچے کھائی میں گر گئی ۔ اس حادثے میں ایمبولینس گاڑی میں سرینگر منتقل کی جانے والی خاتون مریض کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی جبکہ اس کے دو تیماردار غالبا بیٹا اور بہو اس حادثے میں زخمی ہوئے۔ پولیس نے حادثے میں مرنے والی خاتون کی شناخت73سالہ حسینہ بیگم زوجہ مرحوم بہادر ملک ساکن ٹانٹنا ڈوڈوہ کے طور کی ہے۔ خاتون کے ساتھ زخمی تیماردار محمد امین ملک اور ان کی اہلیہ فریدہ بیگم کو ایمرجنسی ہسپتال بٹوٹ میں داخل کیا گیا ہے۔اس دوران 17 جولائی کو بانہال کی نیل چملواس رابط سڑک پر لیورہ کے مقام پیش آئے حادثے میں زخمی ڈرائیور چالیس سالہ ایاز احمد بہورو ولد محمد عبداللہ بہورو ساکنہ طبیلہ چملواس بانہال صورہ اسپتال میں چل بسا۔مہلوک کی نماز جنازہ اتوار کی دوپہر ادا کی گئی اور اسے پرنم آنکھوں سے سپرد خاک کیا گیا۔اس دوران اتوار کی دوپہر سرحدی علاقہ بڈنمبل سے چوکی بل کی طرف جارہی سومو گا ڑی زیر نمبر JK09/1093کو حادثہ پیش آیا جس کے دوران سومو گا ڑی ایک گہری کھائی میں جاگری ۔ گا ڑی میں 9مسافر سوار تھے اور وہ سبھی زخمی ہوگئے ۔ ان میں دو کی حالت نازک بتائی جاتی ہے ۔