واشنگٹن//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کی طرف سے تیار کئے گئے ایک خفیہ دستاویز کو جاری کرنے پر روک لگا دی ہے جس میں 2016 کے صدارتی انتخابات میں روسی کردار کی تحقیقات میں ریپبلکن میمو کے برعکس مسٹر ٹرمپ کے تئیں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف بی آئی ) اور محکمہ انصاف پر تعصب برتنے کا الزام لگایا گیا ہے ۔وہائٹ ہاؤس نے کل کہا کہ محکمہ انصاف نے میمو کے کچھ حصے کی نشاندہی کی ہے جس سے "ملک کی قومی سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے خاص طور پر سنگین خدشات پیدا ہوں گے ۔ ایک ہفتے پہلے ، مسٹر ٹرمپ نے ریپبلکن میمو جاری کرنے کے بارے میں ایف بی آئی کے اعتراضات کو مسترد کر دیا تھا۔ اس میمو میں سینئر قانون نافذ کرنے والے افسران کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ امریکی کانگریس کے ایوان نمائندگان نے خفیہ کمیٹی کے پینل میں شامل ڈیموکریٹس کی طرف سے تیار کئے گئے 10-صفحات کے دستاویز کو جاری کرنے کے لئے پیر کو متفقہ طور پر ووٹ دیا تھا۔ اگر مسٹر ٹرمپ کی طرف سے اس کو جاری کرنے کی منظوری دی جاتی ، تو کمیٹی اسے عوام کے لئے جاری کرسکتی تھی۔ لیکن صدر ٹرمپ نے جمعہ کو اس کے اجراء پر روک لگادی ہے ۔