ایجنسیز
کاراکاس// جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں بدھ کے روز آنے والے دو طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 167 افراد ہلاک اور 971 زخمی ہو گئے ہیں۔ عبوری صدرڈیلسی روڈریگز نے تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے اس کی تصدیق کی۔7.1 اور 7.5 شدت کے یہ دو زلزلے تقریباً ایک منٹ کے وقفے سے آئے اور گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے میں وینزویلا کو متاثر کرنے والے شدید ترین زلزلوں میں شمار کیے جا رہے ہیں۔زلزلوں کے باعث دارالحکومت کراکس سمیت مختلف علاقوں میں عمارتیں منہدم ہو گئیں، جبکہ وسیع پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔ جھٹکے اتنے شدید تھے کہ ان کے اثرات برازیل کے ایمیزون علاقے تک محسوس کیے گئے، جو کاراکاس سے تقریباً 1,700 کلومیٹر دور واقع ہے۔زلزلے کے نتیجے میں بولیورہوائی اڈے کو نقصان پہنچا جس کے بعد ملک کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بند کر دیا گیا۔ وزارتِ تعلیم نے کئی روز تک تعلیمی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ بعض اسکول عمارتوں کو عارضی پناہ گاہوں اور امدادی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔متعدد ممالک نے وینزویلا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امداد اور تعاون کی پیشکش کی ہے، جن میں امریکہ، ارجنٹائین، بولیویا، برازیل، چلی، ایل سلواڈور، میکسیکو، پانامہ اور یوروگوائے شامل ہیں۔ایران نے بھی وینزویلا کی مدد کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی ہے۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایران امدادی اور ریسکیو کارروائیوں کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے اور وینزویلا کے عوام و حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیو نے کہا ہے کہ امریکہ وینزویلا میں آنے والے زلزلوں کے بعد “پورے حکومتی نظام” پر مشتمل امدادی کارروائی شروع کرے گا۔بحرین کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا،’’ہمارا ردعمل بڑا، تیز رفتار اور مؤثر ہوگا۔‘‘ان کے مطابق امریکی محکمہ جنگ امدادی سرگرمیوں میں اہم لاجسٹک کردار ادا کرے گا۔نیدرلینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ امدادی کارکنوں، تربیت یافتہ کتوں اور ضروری آلات پر مشتمل ایک خصوصی ریسکیو ٹیم وینزویلا بھیج رہا ہے۔ نیدرلینڈز نے اس مقصد کے لیے تقریباً 20 لاکھ یورو مختص کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔