یواین آئی
اینٹیگا/کیمار روچ (چار وکٹ) اور جیڈن سیلز (تین وکٹ) کی قیادت میں گیندبازوں نے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سری لنکا کی بلے بازی کو تہس نہس کرتے ہوئے انہیں 32 اوور کے اندر محض 101 رن پر سمیٹ کر مقابلہ اننگ اور 217 رنوں کے بڑے فرق سے جیت لیا۔سری لنکا نے دن کا آغاز ایک وکٹ پر 15 رن سے آگے کھیلتے ہوئے کیا تھا اور ویسٹ انڈیز کو دوبارہ بلے بازی کے لئے بلانے کے لئے سری لنکا کو ابھی بھی 303 رنوں کی ضرورت تھی۔ تاہم مہمان ٹیم کے لئے دن کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ دن کے پہلے ہی اوور میں نشان مدوشکا، کیمار روچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ۔ مشکلات یہیں ختم نہیں ہوئیں، صرف تین گیندوں بعد نائٹ واچ مین کسن رجیتھا، جیڈن سیلز کی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے ۔ابتدائی جھٹکوں کے بعد کامندو مینڈس اور دنیش چندیمل کے سامنے ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔چندیمل نے دباؤ کم کرنے کے لیے چند چوکے لگائے ، جبکہ مینڈس نے محتاط انداز اپنایا، لیکن یہ حکمت عملی کامیاب نہ ہو سکی۔
ڈرنکس وقفے سے قبل شمار جوزف کی ایک گیند کو چھوڑنے کی کوشش کی، لیکن وہ سیدھے اسٹمپس سے جاٹکرائی۔ اس کے بعد سری لنکن کپتان دھننجے ڈی سلوا کے پویلین لوٹنے کی باری تھی، پہلی اننگ میں سنچری لگانے والے ڈی سلوا بھی شمار کی گیند پر ایل بی ڈبلیوآؤٹ گئے ۔آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ جانے کے بعد سری لنکا کی شکست تقریباً یقینی ہو گئی۔ پھر روچ کی ایک گیند تیزی سے اندر کی جانب آئی اور اسٹمپس اڑادئے ، جس سے کسل مینڈس آؤٹ ہوگئے ۔ بالکل اسی وقت ہلکی بارش شروع ہوگئی اور گراؤنڈ اسٹاف کو کور لے کر میدان میں آنا پڑا، لیکن بارش کی مدد سے شکست کو کچھ دیر ٹالنے کی سری لنکا کی امیدیں جلد ہی ختم ہوگئیں کیونکہ کھیل بہت جلد دوبارہ شروع ہوگیا۔لنچ کے بعد کیمار روچ کا جلوہ دیکھنے کو ملا، انہوں نے ایک ہی اوور میں دنیش چندیمل اور ملن رتنائیکے کو آؤٹ کرکے اپنے نجی سنگ میل کے قریب پہنچنے کی کوشش کی۔ تجربہ کار کھلاڑی نے آخر کار یہ کارنامہ انجام دے دیا، جب انہوں نے اسیتھا فرنینڈو کو بولڈ کرکے ٹیسٹ کرکٹ میں 300 وکٹ مکمل کئے – ایسا کرنے والے وہ ویسٹ انڈیز کے صرف پانچویں گیند باز بنے ۔بعد ازاں سیلز نے 32ویں اوور کی دوسری گیند پر آخری وکٹ لے کر سری لنکا کی دوسری اننگ کا 101 رن کے اسکور پر خاتمہ کردیا اور روسٹن چیز کی کپتانی والی میزبان ٹیم نے پہلی ٹیسٹ جیت درج کی۔ اب دونوں ٹیمیں دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لئے اسی میدان پر رہیں گی، جو جمعہ سے شروع ہوگا۔مختصر اسکور: سری لنکا: 308 (دھننجیا ڈی سلوا 120؛ جسٹن گریوز 3/39) اور 101 (دنیش چندیمل 43؛ کیمار روچ 4/51)۔ویسٹ انڈیز: 626/9 ڈکلیئرڈ (امیر جانگو 233، روسٹن چیز 194)۔