کشمیریوں کی مہمان نوازی دہائیوں سے یاترا کا لازمی حصہ:مودی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سال کی امرناتھ یاترا شروع کرنے والے عقیدت مندوں کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے، جس میں سالانہ یاترا کو “ایک عظیم نعمت” قرار دیا اور یاتریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو صفائی، حفاظت، ماحولیاتی تحفظ، مقامی روزی روٹی کے لیے تعاون اور قوم کی تعمیر کے لیے وقف کریں۔دو صفحات پر مشتمل ایک پیغام ” وزیر اعظم کی طرف سے یاتریوں کے نام ایک خط”، مودی نے عقیدت مندوں کو “ہر ہر مہادیو” اور “جئے بابا برفانی” کے ساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امرناتھ یاترا ہندوستان کے پائیدار روحانی ورثے اور ثقافتی اتحاد کی علامت ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک بھر سے عقیدت مند ہر سال یاترا کرنے کے موقع کا بے تابی سے انتظار کرتے ہیں۔یاترا کو ہندوستان کی روحانی روایت کا ایک لازوال باب قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ یہ ملک کے تنوع میں اتحاد کی عکاسی کرتی ہے کیونکہ مختلف ریاستوں، زبانوں اور روایات کے لوگ بھگوان شیو سے اپنی مشترکہ عقیدت میں اکٹھے ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا، “مختلف ریاستوں کے لوگ، مختلف زبانیں بولنے والے اور متنوع روایات پر عمل کرتے ہوئے، مہادیو کے تئیں اپنی عقیدت کے ساتھ مل کر اس سفر کو مکمل کرتے ہیں۔”وزیر اعظم نے شرائن بورڈ، جموں و کشمیر انتظامیہ اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کی سالانہ یاترا کے بخوبی انعقاد کو یقینی بنانے کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے ہندوستانی فوج، سی آر پی ایف، جموں و کشمیر پولیس، آئی ٹی بی پی، بی ایس ایف، این ڈی آر ایف، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں، ڈاکٹروں، صفائی کے عملے، انتظامی اہلکاروں اور رضاکاروں کی یاتریوں کی خدمت کے لیے ان کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اس سال بھی ہزاروں اہلکار عزم کے ساتھ اس ذمہ داری کو نبھا رہے ہیں۔مقامی برادریوں کے تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی مہمان نوازی یاترا کا ایک لازمی حصہ ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ٹٹو چلانے والوں، قلیوں اور پالکی برداروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو ہندوستان کی بے لوث خدمت کی روایت کی عکاسی کے طور پر بیان کیا۔وزیر اعظم نے یاترا کے دوران عقیدت مندوں سے پانچ عہد اپنانے کی اپیل کی۔
پہلا عہد یاتریوں سے صفائی برقرار رکھنے اور یاترا کے راستے کو کوڑے سے پاک رکھنے کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتا ہے۔دوسرا عقیدت مندوں پر زور دیتا ہے کہ وہ انتظامی رہنما خطوط، ٹریفک کے ضوابط اور ، خاص طور پر بارش، پھسلن والے علاقوں اور سخت موسمی حالات کے پیش نظرحفاظتی مشوروں پر سختی سے عمل کریں۔تیسرا عہد مرکز کے ‘وکل فار لوکل’ پہل کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، جس میں یاتریوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اپنے سفری بجٹ کا کم از کم 10 فیصد مقامی طور پر تیار کردہ مصنوعات پر خرچ کریں تاکہ جموں اور کشمیر میں خاندانوں اور نوجوانوں کی روزی روٹی کو سہارا دیا جاسکے۔وزیر اعظم نے کہا”وکل فار لوکل” کے جذبے سے متاثر ہو کر، ہم اپنے سفری اخراجات کا کم از کم 10 فیصد مقامی مصنوعات کی خریداری پر خرچ کریں گے۔ اس سے جموں و کشمیر میں خاندانوں اور نوجوانوں کی روزی روٹی مضبوط ہو گی،” ۔چوتھا عہد رکشا بندھن کے موقع پر ایک بہن بھائی کو ایک پودا تحفہ دے کر ایک پید ما کے نام مہم میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، جو اس سال کی یاترا کے اختتام کے ساتھ موافق ہے۔پانچواں عہد عقیدت مندوں پر زور دیتا ہے کہ وہ ‘نیشن فرسٹ’ کے جذبے کو اپنائیں اور سال بھر دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض کو انجام دیں اور وکشت بھارت کے وژن میں اپنا حصہ ڈالیں۔اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہ یہ یاترا “سناتن دھرم، ہندوستان کے ثقافتی اتحاد اور بے لوث خدمت کی روایت میں یقین کے ایک عظیم جشن کے طور پر ابھرے گی”، مودی نے تمام عقیدت مندوں کی حفاظت اور بہبود کے لیے دعا کی۔وزیر اعظم نے کہا”میں دعا کرتا ہوں کہ بابا امرناتھ کی لامحدود برکتیں ہم سب کے ساتھ رہیں۔ آپ کی یاترا محفوظ، مبارک ہو، اور یہ آپ کی زندگیوں کو نئی توانائی، بیداری اور روحانی طاقت سے بھر دے،” ۔اپنے پیغام کا اختتام کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے امید ظاہر کی کہ بابا برفانی ہر یاتری کو اپنے فرائض سے زیادہ وقف ہونے اور وکشت بھارت کی تعمیر کے مقصد میں اجتماعی طور پر تعاون کرنے کی ترغیب دیں گے۔