ریو ڈی جنیرو/برازیل کے ورلڈ کپ سے پری کوارٹر فائنل میں باہر ہونے کے بعد اسٹار فٹبالر نیمار کے کلب کے مستقبل پر بھی غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ برازیلی میڈیا کے مطابق ان کے کلب سانتوس نے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے انہیں چھٹی دے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سانتوس کے ساتھ نیمار کے معاہدے میں ابھی چھ ماہ باقی ہیں، تاہم بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد یہ سوال اٹھ رہا ہے کہ آیا وہ کلب کی سطح پر بھی کھیل جاری رکھیں گے یا نہیں۔ سانتوس انتظامیہ ان کے اور ان کے نمائندوں کے اشارے کی منتظر ہے۔34 سالہ نیمار اس وقت اپنے خاندان کے ساتھ امریکہ میں ہیں اور انہیں کم از کم دس روز کی چھٹی دی گئی ہے۔ انہوں نے اتوار کو ناروے کے خلاف 2-1 کی شکست کے بعد برازیل کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ شکست کے بعد سوشل میڈیا پر نیمار کے والد نے بھی اشارہ دیا کہ ان کا بیٹا اپنے کلب سے متعلق کیریئر کے بارے میں غور کر رہا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، “بیٹے، فٹبال کھیلنا جاری رکھو، گیند کے ساتھ کھیلنے کی خوشی دوبارہ محسوس کرو اور میدان میں پھر سے مسکراؤ۔” جنوری 2025 میں اپنے آبائی کلب سانتوس واپسی کے بعد نیمار نے تمام مقابلوں میں 43 میچ کھیلے ہیں۔ ورلڈ کپ میں وہ دو میچوں میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں اترے اور ناروے کے خلاف پنالٹی پر ایک گول بھی کیا۔