سوپور//بارہ مولہ ضلع کے وترگام رفیع آباد میں بجلی گرنے سے ایک دکان میں نمودارہوئی آگ نے پورے دومنزلہ شاپنگ کمپلکس کو اپنی لپیٹ میں لیا جس دوران کم وبیش بیس دکان خاکستر ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق بارہ مولہ ہندوراہ شاہراہ پرواقع قصبہ وترگام میں دوران شب آگ کی ہولناک واردات میں بیس دکان خاکستر ہوگئے اوران میں موجود لاکھوںروپے مالیت کاکاروباری سامان راکھ کے ڈھیرمیں تبدیل ہوگیا۔ ذرائع نے بتایاکہ آگ نے تیزی کیساتھ اس کمپلیکس میں واقع دیگرکئی دکانات اورکمروں کوبھی اپنی لپیٹ میں لیکرخطرناک شکل اختیارکی۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ آگ نمودار ہونے کی خبرپھیلتے ہی بڑی تعدادمیں یہاں مقامی لوگ بشمول تاجر پہنچے اوراس دوران پولیس کی ٹیم کیساتھ ساتھ فوجی اہلکار اورفائراینڈایمرجنسی سروسزکے اہلکار بھی یہاں پہنچ گئے۔لوگوں کے مطابق آگ ایک دکان سے نمودار ہوئی تھی اورشعلوںنے جلدہی نزدیکی دکانوں کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیا،جسکے باعث آگ نے بھیانک شکل اختیار کی۔انہوں نے کہاکہ یہاں بھڑکتے شعلوں اوردھویں کودوردورتک دیکھاجاسکتا تھا۔حکام نے بتایاکہ آگ نمودارہونے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے واردات پر پہنچ گئی جبکہ فائراینڈ ایمرجنسی سروسزکے اہلکاروں نے آگ پرقابو پانے کی کارروائی شروع کی ،تاہم اْنھیں آگ پرقابو پانے کیلئے کئی گھنٹوں تک مشقت کرنی پڑی۔حکام کے مطابق دومنزلہ شاپنگ کمپلیکس کی اوپر والی منزل میں واقع بیشتر دکانات اورکمرے خاکستر ہوگئے اوران میں موجودکاروباری سامان بھی آگ کی اس ہولناک واردات کے نتیجے میں تباہ ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ آگ کی اس ہولناک واردات کے نتیجے میں کم سے کم 8 دکان ،مٹی کے تیل کاایک ڈیپو، ایک پٹوارخانہ اورنصف درجن سے زیادہ خالی کمرے خاکستر ہوگئے۔فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ایک سینئر افسر نے بتایاہے کہ بجلی گرنے سے رفیع آباد کے وترگام قصبہ میں واقع ایک دومنزلہ شاپنگ کمپلیکس کی اوپر والی منزل میں پٹوار خانہ کے علاوہ سات خالی کمروں کے علاوہ ایک پرانی عمارت میں8 دکان خاکستر ہوگئے جبکہ پانچ دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا۔انہوں نے کہاکہ آگ کی اس واردات میں لاکھوں روپے مالیت کاکاروباری سامان تباہ ہوگیاجبکہ پٹوارخانے میں موجودساراریکارڈبھی جل کرراکھ بن گیا۔انہوںنے بتایاکہ شاپنگ کمپلیکس میں موجودمٹی کے تیل کے ایک ڈیپوتک آگ پہنچنے کے بعداس نے خطرناک شکل اختیارکی کیونکہ یہاں سے اْٹھنے والے شعلوںنے نزدیکی کمروں اوردکانات کواپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام نے بتایاکہ آگ کی اس بھیانک واردات پرقابو پانے کیلئے ہنگامی طورپر کئی فائراسٹیشنوں سے چار فائرٹینڈر منگائے گئے۔انہوں نے کہاکہ آگ پرقابو پانے کی کارروائی میں وترگام کے علاوہ ڈنگی وچھ ،کرالہ گنڈ اورسیلو سوپورمیں قائم فائراسٹیشنوں کے اہلکاروں نے بھی حصہ لیا۔فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے ایک سینئر افسر نے بتایاکہ سخت کوششوں کے بعد ہی آگ پر قابو پالیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔