حسین محتشم
پونچھ//محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس، ضلع پونچھ کی جانب سے اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں ضلع سطح کے ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ٹورنامنٹ میں والی بال، کھو کھو، کبڈی، شطرنج، کیرم، بیڈمنٹن اور والی بال سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔اس موقع پر ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر افطار احمد مہمان خصوصی تھے جنہوں نے طلباء کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقی سپورٹس مین شپ کے ساتھ حصہ لیں اور اپنی زندگی میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہیں نشہ اور دیگر سماجی مخالف سرگرمیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا۔ مقابلوں میں 7 زونوںسے کل 275 انڈر 14 لڑکیوں نے حصہ لیا۔ ضلع یوتھ سروس سپورٹس آفیسر پونچھ محمد قاسم نے کہایہ باوقار ٹورنامنٹ نہ صرف نوجوانوں کی کھیلوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس کا مقصد شرکاء میں صحت مند مقابلے کے جذبے کو پروان چڑھانا بھی ہے۔مقابلوں میں کیرم میں زون سرنکوٹ نے زون کونیاں کو 7 پوائنٹس سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔ بیڈمنٹن میں زون سرنکوٹ نے زون پونچھ کو شکست دے کر فائنل میچ 5 پوائنٹس سے جیت لیا۔ والی بال زون بفلیاز نے زون منڈی کو 2-0 سے شکست دی۔ کھو کھو میں زون سرنکوٹ نے زون ننگالی کو 5 پوائنٹس سے شکست دی۔ کبڈی میں زون سرنکوٹ نے ننگالی زون کو 15 پوائنٹس سے شکست دی جب کہ شطرنج میں زون بفلیاز نے پونچھ زون کو شکست دیکر کامیابی حاصل کی۔اس موقعہ پرامریش کمار زیڈ پی ای او کنویاں، نریندر سنگھ زیڈ پی ای او پونچھ،کلونت سنگھ زیڈ پی ای او سرنکوٹ، راجندر سنگھ زیڈ پی ای او منڈی، منجیت سنگھ زیڈ پی ای او ساتھرا اور وجے کمار موجود رہے۔