راجوری //نیشنل کانفرنس ضلع اکائی راجوری کی ماہانہ میٹنگ ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع صدر شفاعت خان کررہے تھے ۔ میٹنگ میں جہاں ایک طرف نیشنل کانفرنس پارٹی کو مضبوط کرنے کی بات کی گئی وہیں دوسری طرف موجودہ صورتحال پر ریاستی سرکار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سرحدی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیاگیا۔پارٹی کے ضلع صدر شفاعت خان نے کہا کہ ایک طویل عرصہ سے سرحدوں پر گولہ باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجہ میں قیمتی جانیں ضائع ہورہی ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہورہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت لوگوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔انہوںنے گزشتہ روزشوپیاں میں عام شہریوں کی ہلاکت پر بھی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکار کو چاہئے کہ وہ کشت وخون کا کھیل بند کرے اور افسپا جیسے کالے قوانین کا خاتمہ کرکے نوجوانوں اور عام شہریوں کو تحفظ فراہم کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سے بھاجپااور پی ڈی پی اقتدار میں آئی ہیں تب سے ریاست کا امن پارہ پارہ ہوگیاہے اور حکومت کو حالات کی کوئی پرواہ نہیں۔ان کاکہناتھاکہ ریاست میں امن بحال کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں ۔ میٹنگ میں چودھری لیاقت ، مرزا بشیر ، محمد چودھری، عبدالحسین ، مرزا سعید ، چودھری اسمٰعیل ، چودھری عباس، چودھری خالق ، غلام محی الدین ، حاجی برکت ، ذاکر حسین ، بلاک صدر زمان ،حاجی عارف ، محمد ایوب ، قیوم میروغیرہ بھی موجو دتھے۔