سرینگر// نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ صدر شمیمہ فردوس نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’’ ہمیں خوشی ہے کہ پڑھے لکھے نوجوان نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ رجحان اس لئے روز بہ روز بڑھتا جارہاہے کیونکہ لوگوں کو معلوم پڑ گیا ہے کہ یہی ایک ایسی جماعت ہے جو یہاں کے عوام کے زخموں کا مداوا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے نزدیک جموں وکشمیر کے عوام کے مفادات مقدم ہیں اور اس جماعت نے ہمیشہ یہاں کے عوام کے مفادات ، احساسات اور جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ تقریب سے صوبائی صدر کشمیر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جموں وکشمیر میں تعلیم نسواں صرف اور صرف بیگم عبداللہ کی کوششوںکا ہی نتیجہ ہے۔اس موقع پر ربیہ قیوم خان (ٹنگڈار کرناہ)، فرح مجید، نزاکت رشید اور عذرا صدیق نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔