رمیش کیسر
راجوری//ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر کے لام علاقے میں لائن آف کنٹرول پر مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد پیر کے روز سیکورٹی فورسز نے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن اور ایریا ڈومینیشن مشق انجام دی۔ اس دوران حساس علاقوں میں نگرانی مزید سخت کرتے ہوئے مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب نوشہرہ سیکٹر کے لام علاقے میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک مشتبہ ڈرون کی دراندازی کی کوشش سامنے آئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرون کچھ وقت تک ایل او سی اور اس کے آس پاس کے فضائی علاقے میں منڈلاتا رہا، تاہم بعد ازاں واپس سرحد پار چلا گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
پیر کی صبح فوج اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے علاقے میں مشترکہ سرچ آپریشن شروع کیا اور ایریا ڈومینیشن مشق کے ذریعے حساس مقامات کا مکمل جائزہ لیا۔ فورسز نے جنگلات، کھیتوں اور دیگر ممکنہ مقامات کی تلاشی لیتے ہوئے کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا سامان کا سراغ لگانے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے میں گشت میں اضافہ کرتے ہوئے سرحدی علاقوں پر کڑی نظر رکھی۔ آخری اطلاعات موصول ہونے تک کسی مشتبہ سامان یا قابل اعتراض مواد کی برآمدگی کی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی تھی، تاہم احتیاطی اقدامات کے تحت سرچ آپریشن جاری رکھا گیا۔سیکورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے دراندازی، اسلحہ یا منشیات کی اسمگلنگ کی کوششوں کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی سے نمٹنے کے لیے فورسز مکمل طور پر چوکس ہیں۔