نوشہرہ //نوشہرہ کو ضلع درجہ دینے کی مانگ کے حق میں بارہویں روز بھی بازار اور سرکاری دفاتر بند رہے اور مظاہرین نے حکومت مخالف احتجاجی ریلی نکال کر نعرے بازی کی ۔ اس دوران انہوںنے بازئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں ۔ہر روز کی طرح منگل کو بھی مظاہرین پٹیل چوک میں جمع ہوئے جہاں سے انہوںنے جلوس نکالا جو بازار سے ہوتے ہوئے واپس اختتام پذیر ہوا۔اس دوران مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ ان کی مانگ پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔ انہوںنے کہاکہ ان کی یہ ہڑتال نوشہرہ کو ضلع کادرجہ دینے تک جاری رہے گی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے بیوپار منڈل صدر سبھاش کپو ر، جگدیش ساہنی ، رویت کانت گپتا، سرپنچ مسعود چوہدری و دیگران نے کہاکہ نوشہرہ کے ساتھ سرکار کی طرف سے سوتیلا سلوک کیاجارہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ 1967سے نوشہرہ کو ضلع کادرجہ دینے کی مانگ کررہے ہیں لیکن اس جانب کوئی توجہ نہیں دی جارہی اور صرف جھوٹی یقین دہانیاں دی جارہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اگر حکومت اسی طرح سے سوئی رہی تو وہ احتجاج میں مزید شدت لائیںگے ۔دریں اثناء سندر بنی اور کالاکوٹ میں احتجاج کیاجارہاہے ۔