محکمہ جنگلات کے اہلکار قابو پانے میں مصروف، سازش کے تحت آگ لگانے کا شبہ
رمیش کیسر
نوشہرہ//نوشہرہ فارسٹ ڈویژن کے ماتحت آنے والے گرن کے جنگلات میں شدید آگ لگنے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس سے قیمتی سرسبز جنگلات کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔ جانکاری کے مطابق اتوار کی شام سے گرن کے جنگلات میں آگ لگی ہوئی ہے، جس کے باعث وسیع رقبہ متاثر ہو رہا ہے اور سبزہ تیزی کے ساتھ خاکستر ہو رہا ہے۔آگ کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مشکل اور پہاڑی علاقہ ہونے کے باعث آگ بجھانے کے کام میں دشواریاں پیش آ رہی ہیں تاہم محکمہ کے ملازمین مسلسل کوششیں کر رہے ہیں تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔محکمہ جنگلات کے ذرائع کے مطابق سردیوں کے موسم میں جنگلات میں لگنے والی آگ فطری کم اور انسانی عوامل کا نتیجہ زیادہ ہوتی ہے۔ ابتدائی جانچ میں یہ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ آگ کسی سازش کے تحت لگائی گئی ہے، کیونکہ جنگلات کے آس پاس کچھ لوگ رہائش پذیر ہیں اور سردیوں کے موسم میں اکثر اسی طرح آگ کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہر سال سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف قدرتی وسائل کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ جنگلی حیات بھی شدید خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ آگ کے باعث علاقے میں دھوئیں کا غبار چھا گیا ہے اور ماحولیاتی توازن کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔محکمہ جنگلات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلات کے تحفظ میں تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگانے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ساتھ ہی محکمہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آگ پر جلد قابو پا لیا جائے گا اور نقصان کا تخمینہ لگا کر آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔