بانڈی پورہ //دارلعلوم رحیمہ بانڈی پورہ کے صدر مفتی ، مفتی نذیر احمد قاسمی نے نوجوانوں سے تلقین کی ہے کہ وہ منشیات کی لت سے دور رہیں۔ نور مسجد نوپورہ بانڈی پورہ میں نماز جمعہ کے بعدوارڈ نمبر 2پلان بانڈی پورہ کے دوبھائیوں کا نکاح پڑھانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جوانی میں اپنی عفت کو بچایا جائے ،نشیلی ادویات سے محفوظ رہیں اورزندگی کے ہر موڑ پر پاک دامنی رکھیں ، اتباع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر قائم رہے یہی کامیاب زندگی گزارنے کا راستہ ہے ۔ مفتی نذیر نے نکاح کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نکاح زندگی کی بنیاد ہے ،اس سے زندگی کا اہم سفر شروع ہوجاتا ہے اوراس کا انتخاب نہایت ہی سلیقہ وپاکیزگی کے ساتھ کریں ۔انہوں نے اہلیہ کے حقوق بھی سجھائیں اور مرد وعورت کی ذمہ داریوں پر سیرحاصل روشنی ڈالی ۔انہوںنے نوجوان کومخاطب ہوکر کہا کہ دور حاضر میں نوجوانوں کے سامنے منشیات نشیلی ادویات کا فروغ ودیگر فحاشی قسم کے بدعات ہیں نوجوان ان مہلک چیلنجوں سے محفوظ رہنے کیلئے خود کو اور دوسروں کو دور رکھے تاکہ دور حاضر کے معاشرتی زندگی میں جو فسق وفجور ہے ،اسے بچاجائے ۔