عاصف بٹ
کشتواڑ// لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر منوج سنہا کی متوقع آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر کو سجانے اور صاف ستھرا بنانے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مختلف مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا ہے تاکہ دورے کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔ ذرائع کے مطابق ایل جی منوج سنہا سنیچر کو “نشا مکت ابھیان” کے تحت ایک خصوصی پد یاترا میں شرکت کریں گے، جس کا مقصد منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنا اور نوجوانوں کو اس ناسور سے دور رکھنے کا پیغام دینا ہے۔ اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں۔ شہر کے سڑکوں کو صاف کیا جارہاہے اور جس روڈ سے پدیاترا نکالی جاے گی،اس پر میکڈم بچھایا جارہاہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی انتظامات میں تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔ ٹریفک پولیس نے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا گیا ہے اور بعض راستوں پر وقتی پابندیاں بھی عائد کی گی ہے ۔