مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژ ن کی پنچایت ناڑ میں بجلی شعبہ کا حال بے حال ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی سرپنچ فتاب خان نے بتایا کہ پنچایت کی وارڈ نمبر دو محلہ کوٹاں میں محکمہ کی جانب سے نصب کر دہ ٹرانسفارمر کئی مرتبہ خراب ہو چکا ہے جبکہ محکمہ کی جانب سے اس کی نہ تو معقول مرمت کی جاتی ہے اور نہ ہی 25کے وی سے زیادہ صلاحیت کا ٹرانسفارمر نصب کیا جاہار ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلا ت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محلہ میں نصب کردہ ٹرانسفارمر گزشتہ کئی دنوں سے خراب ہوا ہے لیکن متعلقہ محکمہ کے ملازمین یکسر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کو اس سلسلہ میں اطلاع فراہم کرنے کیلئے کئی مرتبہ فون کالز کی گئیں لیکن انہوں نے کوئی جواب ہی نہیں دیا جس کی وجہ سے رمضان میں صارفین مشکلات سے دوچار ہیں ۔مکینوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ لاپرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ گائوں میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کی صلاحیت بڑھائی جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔