بٹوت/ جموں سرینگر شاہراہ پر ناشری۔چنینی ٹنل سے علاقہ بٹوٹ مکمل طور شاہرہ سے کٹ جانے سے تحصیل بٹوت کے عوام کو موجودہ وقت میں بے روز گاری کے سنگین مسئلہ کا سامنا ہے ۔ایک لمبے عرصہ تک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر مرکزی قصبے کی اہمیت کے حامل بٹوت تحصیل کے لوگ مقامی سطح پر مختلف کاروبارسے منسلک ہوکر اپنے لئے روزگار پیدا کرتے آرہے تھے ۔کچھ لوگ علاقے میں لمبے عرصہ سے زیر تعمیر رہے ، بڑے تعمیری منصوبوں میں محنت مشقت کر کے اپنی روزی روٹی کا بندوبست کرتے آرہے تھے ۔ جموں سرینگر شاہراہ پر ناشری ۔چنینی ٹنل کی تعمیرکی وجہ سے بٹوت کے شاہراہ سے کٹ جانے پر اورعلاقے میں زیر تعمیر رہے بڑے تعمیری منصوبوں کاتعمیری کام پایہ تکمیل پہنچنے پر ختم ہوگیا۔ لہذہ جس کی وجہ سے ایک مختصر سے عرصہ میںبٹوت و گرد نواح کے علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں ہنر مند، محنت کش اورتعلیم یافتہ طبقے کے لوگ اپنے روزگار کے ذرائع سے محروم ہوکرنئے روزگار کی تلاش میں کشمکش کی زندگی جینے پر مجبور ہوگے ہیں۔لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہم سنگین نوعیت کی بیروزگاری کے مسئلے سے دوچار ہیں اور معاشی حالات سے اپنا مستقبل میں خلل پڑتے نظر آرہا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بار بار اپیلوں کے باوجود ریاستی انتظامیہ عوام کو در پیش مسائل ومشکلات کی جانب توجہ دینے کی زحمت گوارہ نہیں کر رہی ہے۔ بٹوت و گرد نواح کے علاقہ جات کے عوام ریاستی گورنر سے اپنے حال پر رحم کی اپیل کرتے ہیں۔