عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے ہفتہ کو گاندربل ضلع میں ناراناگ سیاحتی مقام کو گزشتہ سال پہلگام حملے کے بعد بند ہونے کے تقریباً 14 ماہ بعد دوبارہ کھولنے کا حکم دیا۔ سیاحتی مقام ناراناگ میں بھگوان شیو کا آٹھویں صدی کا ایک مندر بھی ہے۔ایل جی نے X پر ایک پوسٹ میں کہا، “ایک مکمل سیکورٹی جائزہ لینے کے بعد، گاندربل میں ناراناگ مندر کو عقیدت مندوں اور سیاحوں کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
گزشتہ چند مہینوں میں، ایل جی نے کئی سیاحتی مقامات کو بتدریج دوبارہ کھولنے کا حکم دیا۔این سی رکن پارلیمنٹ میاں الطاف احمد نے ناراناگ کے لیے دوبارہ کھولنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اسے مقامی معیشت اور موسم گرما کی سیاحت کے لیے ایک بڑا فروغ قرار دیا۔ میاں الطاف نے کہا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے مندر کو زائرین کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان خوش آئند اور مثبت قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناراناگ صرف ایک سیاحتی مقام نہیں ہے، یہ کنگن اور آس پاس کے دیہات کے سینکڑوں خاندانوں، ٹٹو والوں، دکانداروں، گائیڈوں اور ہوم سٹے مالکان کا ذریعہ معاش ہے،” ۔