کٹھوعہ //نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دیوالی کی تقریبات کو صفائی ستھرائی کی مہم کے ساتھ جوڑنے کی طرف لوگوں کو راغب کریں ۔ نائب وزیر اعلیٰ ضلع کٹھوعہ میں دیوالی کے تہوار کے سلسلے میں کئے جا رہے انتظامات کا افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیتے ہوئے خطاب کر رہے تھے ۔ اس دوران انہوں نے سلامتی ، امن و قانون ، ٹریفک ، پینے کے پانی ، بجلی ، پٹاخوں کی دستیابی ، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کا جائیزہ لیا ۔ انہوں نے متعلقین پر زوردیا کہ وہ چیزوں کے معیار اور قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات کریں ۔ انہوں نے ایس ایس پی کٹھوعہ کو ہدایت دی کہ وہ سماج دشمن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں ۔ اس سے پہلے اے ڈی سی کٹھوعہ نے نائب وزیر اعلیٰ کو دیوالی کے حوالے سے کئے جا رہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی ۔ بعد میں نائب وزیر اعلیٰ نے بجلی شعبے کے تحت عملائی جا رہی کئی سکیموں کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے عمل آوری ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ ان سکیموں کی عمل آوری میں تیزی لائیں تا کہ بجلی کی ترسیل ، تقسیم کاری اور پیداوار میں بہتری لائی جا سکے ۔ اس موقعہ پر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔