جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر کے نئے ڈگری کالجوں کے لئے اَراضی کے مختص کرنے کے عمل کاجائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں صوبائی کمشنر جموں سنجیو شرما ، کمشنر سیکرٹری اعلیٰ تعلیم محکمہ طلعت پرویز روہیلہ ، وائس چیئرمین جے ڈی اے ببیلا رکھوال،ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ایم وائی پیرزادہ ، نئے قائم شدہ کالجوں کے پرنسپل اور دیگر متعلقہ اَفسران نے شرکت کی جبکہ جموں ، کٹھوعہ ،سانبہ ، بڈگام اور کپواڑہ اَضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔دورانِ میٹنگ مشیر بھٹناگر نے اَفسروں کو ہدایت دی کہ وہ نئے قائم شدہ ڈگری کالجوں کے لئے عملی اِقدامات کا ایک مناسب منصوبہ وضع کریں تاکہ جلد سے جلد اراضی کو حاصل کر کے مطلوبہ تعمیراتی سرگرمیاں شروع کی جاسکیں۔مشیر موصوف نے ڈپٹی کمشنروں اوراَفسروںکو ہدایت دی کہ وہ اَراضی کے حصول سے متعلق تمام معاملات 10 فروری تک حل کریں۔مشیر موصوف نے کمشنر سیکرٹری سے کہا کہ وہ نئے قائم شدہ ڈگری کالجوں میں معیار کی سطح کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے عمل کو تیز کرے اور اسے مستقل بنیادوں پر پیش رفت کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔مشیر بھٹناگر نے ڈائریکٹر کالجوں سے بھی کہا کہ وہ ان جگہوںکا ذاتی طور پر دورہ کریں جہاں اراضی کے حصول کے عمل میں رُکاوٹوں کا سامنا ہے۔