سرینگر// پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کی بحالی مطالبہ کرتے ہوئے ، نئی پنشن سکیم (این پی ایس) کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے لیفٹنٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔سرینگر کے پریس کلب میں سوموار کو پریس کانفرنس کے دوران این پی ایس ایمپلائز یونایٹیڈ فرنٹ نے نئی پنشن اسکیم کی خامیوں کو گردانتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیڈیشن کے مرکزی ترجمان اور دہلی کے صدر منجیت سنگھ نے کہا کہ د وران ملازمت اگر کسی ملازم کی موت واقع ہوتی ہے تو اس کے کنبے کو پنشن سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی الزام عائد کیا کہ ان کی تنخواہ سے پنشن سے کاٹے گئے رقومات کو بازار حصص میں لگایا جاتا ہے اور جب ان کی رقم ڈوب جاتی ہے، تو مہینوں اُنہیں پنشن سے محروم رکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر نیز دیگر مرکزی زیر انتظام والے خطوں کے نسبت بھی این پی ایس ملازمین کے ساتھ امتیازی سلوک رو ارکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے جموں کشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ ان کا معاملہ مرکزی سرکار کے ساتھ اٹھائے تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ ہوسکے۔ پریس کانفرنس میں موجود فیڈریشن کے جموں کشمیر کے صدر نے کہا کہ یہ نہ صرف2لاکھ ملازمین کا مسئلہ ہے بلکہ جموں کشمیر میں دو لاکھ خاندانوں کا معاملہ ہے،جنہیں نئی پنشن اسکیم کے نتائج سے خدشات لاحق ہے۔پریس کانفرنس میں نئی پنشن اسکیم ایمپلائز فیڈریشن کے صوبائی صدر فاروق احمد متو بھی موجود تھے۔