جاوید اقبال
مینڈھر//بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر رہنما، سابقہ ایم ایل سی اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت ایڈوکیٹ مرتضیٰ خان نے ضلع پونچھ کے سب ڈویژن مینڈھر کے دور افتادہ علاقوں، خصوصاً نڑول اور چھترال میں بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسائل کے حل، علاقائی ترقی اور سماجی انصاف کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ ان اجتماعات میں بی جے پی کارکنان، منڈل صدور، معززین علاقہ، نوجوانوں اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجتماعات کے دوران مقامی عوام نے ایڈوکیٹ مرتضیٰ خان کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر متعدد افراد نے بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی، جس سے علاقے میں پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ عوام نے مرتضیٰ خان کی عوامی رابطہ مہم کو امید افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو اپنی آواز بلند کرنے کا موقع ملا ہے۔اجلاس کے دوران مقررین اور مقامی لوگوں نے اس بات پر شدید افسوس اور ناراضگی ظاہر کی کہ انتخابات کے بعد اب تک کوئی منتخب نمائندہ ان دور دراز علاقوں تک نہیں پہنچا، جس کے باعث عوام خود کو نظرانداز محسوس کر رہے ہیں۔
لوگوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔مقامی باشندوں نے سڑکوں کی خستہ حالی، پینے کے صاف پانی کی قلت، بجلی کی غیر یقینی فراہمی، صحت و تعلیم کی ناکافی سہولیات، بے روزگاری اور دیگر عوامی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ عوام نے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے لوگ آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور انہیں ترقیاتی منصوبوں میں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔اپنے خطاب میں ایڈوکیٹ مرتضیٰ خان نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ، مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی طبقے کو نظرانداز نہیں ہونے دیا جائے گا اور عوامی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی شفاف طرز حکمرانی، عوامی خدمت اور ہمہ جہتی ترقی کے اصولوں پر کاربند ہے۔مرتضیٰ خان نے کہا کہ مرکزی حکومت کی قیادت میں ملک بھر میں بے مثال ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں جن میں جدید شاہراہوں کی تعمیر، ٹنلز کا قیام، طبی سہولیات میں بہتری، بجلی و پانی کی فراہمی، تعلیمی نظام میں اصلاحات اور ریلوے نیٹ ورک کی توسیع شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کا مقصد غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کو براہ راست فائدہ پہنچانا ہے تاکہ ہر فرد کو ترقی کے مساوی مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی طبقے کو ایس ٹی درجہ ملنے کے بعد پیر پنجال خطہ ایک مضبوط قبائلی شناخت کے ساتھ ابھرا ہے، جس سے مرکزی فنڈز اور خصوصی ترقیاتی اسکیموں کا فائدہ عوام تک پہنچے گا۔ اجلاس کے اختتام پر عوام نے پہاڑی طبقے کو ایس ٹی اسٹیٹس دلانے میں مرتضیٰ خان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی کے لیے فعال کردار ادا کرتے رہیں گے۔