جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر قصبہ میں سڑکوں اور نالیوں کی خستہ حالت پر عوامی تشویش بڑھتی جا رہی ہے۔ مقامی سماجی کارکن قطیل سرور خان نے قصبہ کی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، خراب نکاسی آب نظام اور جگہ جگہ جمع گندگی پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور ریاستی سرکار سے فوری اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔قطیل سرور خان نے کہا کہ مینڈھر قصبہ کی بیشتر سڑکیں انتہائی خراب حالت میں ہیں، جس کی وجہ سے عام لوگوں، طلبہ، مریضوں اور تاجروں کو روزانہ شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ گڑھے پڑ جانے سے نہ صرف ٹریفک متاثر ہو رہی ہے بلکہ حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔
دھول اور مٹی کے باعث دکانداروں اور راہگیروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بارش کے دنوں میں صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قصبہ کی نالیاں بھی ناقص حالت کا شکار ہیں، جن کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے گندا پانی سڑکوں پر بہنے لگتا ہے۔ اس سے نہ صرف آمد و رفت متاثر ہوتی ہے بلکہ تعفن اور بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خدشہ پیدا ہو رہا ہے۔ مقامی لوگوں کو خاص طور پر بارش کے موسم میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔قطیل سرور خان نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مینڈھر قصبہ کی اہم سڑکوں پر فوری طور پر بلیک ٹاپ کیا جائے اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں مزید تاخیر عوامی مشکلات میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکام عوامی مسائل کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے جلد عملی اقدامات کریں گے تاکہ مینڈھر قصبہ کے لوگوں کو بہتر بنیادی سہولیات میسر آ سکیں۔