عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//مرکزی حکومت کے 8ویں پے کمیشن کے حوالے سے ملازمین اور پنشنرز تنظیموں نے آن لائن پورٹل میں پیش آنے والی تکنیکی خرابیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان تنظیموں نے کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ میمورنڈم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے۔ذرائع کے مطابق مختلف ملازمین تنظیموں کا کہنا ہے کہ پورٹل پر لاگ ان، او ٹی پی کی تصدیق اور دستاویزات اپ لوڈ کرنے میں مسلسل مشکلات سامنے آ رہی ہیں۔
کئی مرتبہ سبمیشن کے دوران سسٹم ایرر آ جاتا ہے جس کی وجہ سے تنظیمیں مقررہ وقت میں اپنی تجاویز جمع نہیں کرا پا رہیں۔اس صورتحال کے پیش نظر قومی سطح کے ملازمین رابطہ فورم (NC-JCM) نے متعلقہ حکام کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ پورٹل کی تکنیکی خرابیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب تک پورٹل مکمل طور پر فعال نہیں ہوتا، اس وقت تک میمورنڈم جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے۔کچھ تنظیموں نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ صرف آن لائن نظام کے بجائے ای میل یا ہارڈ کاپی کے ذریعے بھی میمورنڈم جمع کرانے کی اجازت دی جائے تاکہ کسی تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کسی بھی فریق کی نمائندگی متاثر نہ ہو۔