تھنہ منڈی //سب ڈویژن تھنہ منڈی کے مختلف مقامات پر عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے روح پرور تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔ اس مناسبت سے تھنہ منڈی کے کوٹ بہروٹ علاقے میں ایک عظیم الشان محفل میلاد النبیؐ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت مولانا ایاز احمد محمودی نے کی۔ ادھر جامع مسجد راجدھانی میں بھی حافظ عبدالمجید کی نگرانی میں میلاد کمیٹی کے اشتراک سے اسی نوعیت کی ایک شاندار مجلس کا انعقاد کیا گیا جس میں حافظ عبدالمجید ، حافظ محمد رفیق، قاری عبد الوحید، مولانا محمد شفیق، گارڈ مشتاق مغل، ریٹائرڈ ہیڈ ماسٹر محمد بشیر میر اور ڈاکٹر محمد اقبال کے علاوہ کئی دیگر علماء کرام اور عاشقان رسول نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مفتی عبد الروف نعیمی نے پیغمبر اسلام حضرت محمد ؐکو تمام عالم انسانیت کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے ان کے انسانیت اور امت کے نام حقیقی پیغام کو عام کرنے پر زور دیا۔ مقررین نے اس دوران کہا کہ تمام امت مسلمہ کے درمیان بھائی چارہ اور اخوت اس وقت کی اہم ضرورت ہے جس کیلئے تمام مسالک سے وابستہ علماء کو اقدامات اٹھانے چاہیے۔ علماء کرام نے سیرت طیبہ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے پوری قوم سے اپیل کی کے اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے روشناس کرائیں تاکہ سماجی برائیوں کے ساتھ ساتھ بے راہ روی کا خاتمہ ہو سکے۔