جموں//جموں میں جمعہ کو مختلف مقامات پر تقریبات شروع ہوئیں جبکہ 23 ستمبر کو مہاراجہ ہری سنگھ کے یوم پیدائش کو عام تعطیل کے اعلان کے بعد لوگوں نے ڈھول کی دھنوں پر رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کی امنگوں اور جذبات اور مہاراجہ کی عظیم شراکت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔لوگ مختلف مقامات پر جمع ہوئے، خاص طور پر توی پل پر، اور ڈھول کی دھنوں پر رقص کیا اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔انہوں نے حکومت کے اس اقدام کو “تاریخی” اور “یادگار” قرار دیا۔اس کے علاوہ کرنی سینا، ٹیم جموں اور مختلف راجپوت انجمنوں نے بھی اس اعلان کو بڑے دھوم دھام سے منایا اور مہاراجہ کے حق میں نعرے لگائے۔حکومت کے فیصلے کی ستائش کرتے ہوئے سابق نائب وزیر اعلیٰ نرمل سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ 72 سال بعد علاقے کے ڈوگروں کی مانگ پوری ہوئی ہے۔ڈوگرہ صدر سبھا کے سربراہ اور سابق وزیر گلچین سنگھ چاڑک نے کہا کہ مہاراجہ کی یوم پیدائش کو “سماجی انصاف کے دن” کے طور پر منایا جانا چاہئے کیونکہ حکمران نے نہ صرف سب کو انصاف فراہم کیا بلکہ بہت بڑی اصلاحات بھی کیں۔