نئی دہلی //ملک کے موجودہ حالات، قانون وانتظام کی بد تر صورتحال اور مسلمانوں کی تعلیمی حالات پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے جمعی علماء ہندکے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے جمعی کے تعلیمی وظائف کی رقم پچاس لاکھ سے بڑھاکر ایک کروڑ روپے کردی۔ یہ اعلان انہوں نے جمعی علماء ہند کے مجلس عاملہ کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جمعی کی جاری کردہ ریلیز کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ نے ریاستی جمعیتوں کی مجلس عاملہ کی سفارشات کی بنیاد پر آئندہ میعادکی صدارت کے لئے مولانا ارشد مدنی کے نام کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ ہر دو سال میں جمعیء کی ممبر سازی ہوتی ہے، پچھلے ٹرم میں جمعیت کے ممبران کی تعداد تقریبا ایک کڑوڑ پندرہ لاکھ تھی جبکہ اس سال اس تعداد میں اضافے کے قوی امکانات ہیں۔ جمعی علماء ہند کی مجلس عاملہ نے آج سے31/ جولائی تک اس ٹرم کی ممبر سازی کا اعلان کیا ہے۔مجلس عاملہ سے خطاب میں مولانا ارشدمدنی نے ملک کے موجودہ حالات میں قانون وانتظام کی بد تر صورتحال اور مسلمانوں کی تعلیمی تناسب پر گہری تشویش کا اظہارکیا اور اس کے لئے وظائف کی ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی اورکہا کہ ہماری اس ادنیٰ سی کوشش سے بہت سے ایسے ذہین اور محنتی بچوں کا مستقبل کسی حدتک سنور سکتا ہے۔