سرینگر // لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کل سول سیکریٹریٹ میں انتظامیہ کے مختلف شعبوں کی موسم سرما کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے موسم سرما کی تیاریوں کیلئے محکموں کے اقدامات اور کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو پہلے سے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی اور منگل تک محکمہ وار ایکشن پلان طلب کیا۔انہوں نے کہا کہ موسم کی خرابی سے پیدا ہونے والی مشکلات کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کریں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایک مضبوط طریقہ کار موجود ہو تاکہ عام لوگوں کے لیے ضروری خدمات کی رکاوٹ کو کم کیا جا سکے۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکموں کے سربراہوں سے کہا کہ وہ متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں تاکہ بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے ہم آہنگی سے کام کیا جا سکے۔میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے شہری ، دیہی اور دور دراز علاقوں میں ٹرانسفارمرز کو تبدیل کرنے کے لیے مخصوص ٹائم لائنز ترتیب دیں جو بالترتیب 12 گھنٹے ، 24 گھنٹے اور 48 گھنٹے ہیں۔پی ڈی ڈی کے ذریعہ ٹرانسفارمرز کے بفر اسٹاک کو برقرار رکھنے کے بارے میںدریافت کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے انہیں تمام اضلاع بالخصوص جن اضلاع میں بھاری برف باری ہوتی ہے ، کے ٹرانسفارمروں کو معقول بنانے کی ہدایت دی۔پی ڈبلیو ڈی ڈیپارٹمنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے بلاتعطل سڑک رابطہ اور ٹریفک کے مناسب انتظام کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو قومی شاہراہوں اور تمام مرکزی اور داخلی سڑکوں پر برف صاف کرنے والی مشینری اور برف صاف کرنے کے لیے آلات کو مہیا رکھنے کی بھی ہدایت کی۔صحت کے شعبے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا کہ طبی سامان کے ذخیرے کو یقینی بناتے ہوئے ضلع وار کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے۔محکمہ خوراک ، سول سپلائز ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے ڈیپو میں راشن سمیت ضروری اشیاء کا کافی ذخیرہ رکھیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے پٹرول ، ڈیزل اور ایل پی جی کی سپلائی پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔اسی طرح پی ایچ ای ڈیپارٹمنٹ اور ایس ایم سی کو ہدایتدی گئی کہ موسم کی خرابی سے نمٹنے کے لیے افرادی قوت اور مشینری تیاررکھے۔ جموں و کشمیر کے دونوںصوبائی کمشنروں سے کہا گیا کہ وہ موسم سرما کی تیاریوں کے حوالے سے اپنے متعلقہ ڈویژنوں کے دور دراز اور برف باری والے دور دراز علاقوں کا پیچیدہ منصوبہ تیار کریں۔میٹنگ میں سول اور پولیس انتظامیہ کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ آفسیران نے شرکت کی ۔