عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی //وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو قومی راجدھانی دہلی میں وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈرگز سے ملاقات کی۔ دونوں لیڈران کی یہ ملاقات حیدرآباد ہاؤس میں ہوئی۔ اس سے قبل وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے روڈرگز سے ملاقات کی اور وینزویلا کے ساتھ ہندوستان کی مضبوط ہوتی شراکت داری کے تئیں اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایس جے شنکر نے لکھا کہ ’’آج نئی دہلی میں وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈرگز سے مل کر خوشی ہوئی۔‘‘ایس جے شنکر اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’میں ہندوستان اور وینزویلا کے تعلقات کے لیے ان کے طویل مدتی عزم کی تہہ دل سے قدر کرتا ہوں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ روڈرگز کی وزیر اعظم مودی سے ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط کرے گی۔
واضح رہے کہ وینزیلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈرگز بدھ (3 جون) کو ہندوستان اور وینزویلا کے درمیان دو فریقی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے مقصد سے 5 روزہ دورے پر ہندوستان پہنچیں۔ وینزویلا کے امور خارجہ، معیشت و مالیات، سائنس و ٹیکنالوجی، مواصلات و اطلاعات، اور ٹرانسپورٹ کے وزراء پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ایک باضابطہ ورکنگ دورے پر ہیں۔وزارت خارجہ کے مطابق اعلیٰ سطحی بات چیت کے دوران دونوں فریقین سے ہندوستان-وینزویلا کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے اور توانائی کی حفاظت، تجارت اور سرمایہ کاری، فارماسیوٹیکل، صحت کی دیکھ بھال، ٹرانسپورٹ اور قابل تجدید توانائی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے راستے تلاش کرنے کی امید ہے۔ادھرعالمی سطح پر کام کرنے والے امریکی بینکاری ادارے سٹی بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیئرپرسن اور چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) جین فریزر نے یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور ہندوستان کی اقتصادی ترقی میں تعاون کے لیے اپنی کمپنی کے عزم کا اعادہ کیا۔سٹی بینک اگلے سال ہندوستان میں اپنی سرگرمیوں کے 125 سال مکمل کرنے جا رہا ہے۔اس ملاقات میں عالمی سرمایہ کاری کو بھارت کی جانب راغب کرنے، بیرونِ ملک بھارتی کمپنیوں کے فروغ، متبادل توانائی اور مصنوعی ذہانت (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے شعبوں میں مواقع تلاش کرنے جیسے موضوعات پر گفتگو ہوئی۔