عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائدحزبِ اختلاف سنیل شرما نے نیشنل کانفرنس کی قیادت والی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ موجودہ انتظامیہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں مرکزی حکومت ملک بھر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے مسلسل اقدامات کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب جموں و کشمیر میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی حکومت نوجوانوں کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہے۔ایک بیان میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے اور انتظامی سطح پر سنجیدگی کا فقدان واضح نظر آتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ کے پاس 18 اہم محکمے ہونے کے باوجود جائزہ اجلاس شاذ و نادر ہی منعقد کئے جاتے ہیں، جس سے حکومتی ترجیحات اور انتظامی کمزوری آشکار ہوتی ہے۔ ان کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کو جوابدہ طرز حکمرانی کی ضرورت ہے، نہ کہ کھوکھلے وعدوں کی۔بے روزگاری کے مسئلے کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے سنیل شرما نے کہا کہ موجودہ دورِ حکومت میں صرف 650 ملازمتیں فراہم کی گئیں، جبکہ نوجوانوں کو ایک لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وعدہ اب محض سیاسی نعرہ ثابت ہوا ہے۔ ان کا الزام تھا کہ شفاف بھرتیوں کو یقینی بنانے کے بجائے ملازمتوں کو نجی اداروں کے حوالے کیا جا رہا ہے، جس سے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے خواب متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے ڈیلی ویجرز، ریگولرائزیشن کے منتظر آر ای کے اور آر ای ٹی ملازمین سمیت دیگر عارضی کارکنوں کے مسائل پر بھی شدید تشویش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان ملازمین نے اپنی زندگی کا قیمتی وقت عوامی خدمات کے لئے وقف کیا، مگر موجودہ حکومت نے انہیں نظر انداز کر دیا ہے۔ انہوں نے اسے نوجوان اور محنت کش مخالف پالیسی قرار دیا۔اپوزیشن لیڈر نے مرکزی حکومت اور مقامی حکومت کے طرز حکمرانی کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت میں مرکز نے اعلیٰ تعلیم، تکنیکی اداروں کے قیام، اسکل ڈیولپمنٹ پروگرامز، اسٹارٹ اپ سپورٹ اور شفاف بھرتی نظام کے ذریعے نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کئے ہیں۔ ان کے مطابق روزگار کے مواقع بڑھانے اور ہنر مندی کو فروغ دینے کے اقدامات ملک کے نوجوانوں کو خود کفیل بنانے کی سمت اہم قدم ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل کانفرنس کی زیر قیادت حکومت نوجوانوں، طلبہ اور کمزور طبقات کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ سنیل شرما نے یقین دلایا کہ ان کی جماعت نوجوانوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی اور ہر اس ناانصافی کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی جو موجودہ حکومت کے دور میں سامنے آ رہی ہے۔